امریکہ اور ایران کے درمیان 30 روزہ

امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے نئی جنگ بندی تجویز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرکے جہازوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی، تیسرے مرحلے میں 30 روزہ مذاکراتی دور شروع ہوگا جس میں بڑے سیاسی اور جوہری معاملات پر بات چیت ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن نے ایران کے سامنے 14 نکاتی منصوبہ رکھا ہے، جس کے تحت ایران کو کم از کم 12 سال تک یورینیم افزودگی روکنے اور جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کی ضمانت دینا ہوگی، اس کے علاوہ ایران کو 60 فیصد افزودہ تقریباً 440 کلوگرام یورینیم بھی حوالے کرنا ہوگا، اس کے بدلے امریکہ مرحلہ وار ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کرے گا، اربوں ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے بحال کیے جائیں گے اور ایرانی بندرگاہوں پر نافذ امریکی بحری ناکہ بندی ختم کی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے 30 دن کے اندر دونوں ممالک آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال کرنے پر بھی متفق ہوسکتے ہیں، جس سے عالمی تیل سپلائی اور توانائی مارکیٹ میں استحکام آنے کی توقع ہے، یہ معاہدہ کامیاب ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں کئی ہفتوں سے جاری کشیدگی میں نمایاں کمی آسکتی ہے اور عالمی معیشت پر پڑنے والے دباؤ میں بھی کمی کا امکان ہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




