اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعرات کے روز اہم فیصلہ سناتے ہوئے سی ڈی اے کے اقدام کو برقرار رکھتے ہوئے ون کانسٹیٹیوشن ایونیوکی لیز منسوخ کر دی۔ یہ فیصلہ اربوں روپے کی عدم ادائیگی کے باعث کیا گیا۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ایم/ایس بی این پی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور عمارت کے فلیٹس کے مالکان کی جانب سے دائر اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اس ہائی پروفائل کیس کا فیصلہ رواں سال فروری میں محفوظ کیا تھا۔ یہ کیس اس متنازعہ فائیو اسٹار ہوٹل منصوبے سے متعلق ہے جو تقریباً دو دہائیاں قبل بی این پی گروپ کو دیا گیا تھا، تاہم ہوٹل بنانے کے بجائے اسے رہائشی اپارٹمنٹس اور کمرشل یونٹس میں تبدیل کر دیا گیا۔