وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شفاف ترقیاتی سفر شروع ہو چکا ہے، جس کا مقصد عوام کو گندگی اور پسماندگی سے نکال کر ایک خوبصورت اور جدید ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس شیخوپورہ میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع شیخوپورہ کے لیے ایک دو نہیں بلکہ 48 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں نئی سڑکوں کی تعمیر، جدید سیوریج سسٹم، واٹر ٹینکس اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماضی کی طرح ترقی اب مخصوص علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے ہر قصبے اور دیہات تک پہنچ رہی ہے اور واسا کے منصوبوں کے لیے 12.5 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے شہر کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگلے 10 روز میں ماحول دوست الیکٹرک گرین بسیں سڑکوں پر ہوں گی، جو لاہور اور شیخوپورہ کے درمیان چلیں گی۔ یہ بس سروس خاص طور پر طالبات،ملازمت پیشہ خواتین اور بزرگوں کو ذلت آمیز سفر سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے انتظامیہ کو بسوں کے لیے جدید ڈیپوز اور چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر پر ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صفائی کے نظام اور دیہی ترقی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ اور ’’مثالی گاؤں‘‘ جیسے فلیگ شپ پروگراموں کے ذریعے دیہاتوں کا نقشہ بدلا جا رہا ہے، جہاں 809 ملین روپے کی لاگت سے سیوریج اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔74 برسوں بعد پہلی بار کوڑا اٹھانے کا منظم نظام بنایا گیا ہے اور وہ خود تصاویر منگوا کر اس کی نگرانی کر رہی ہیں۔انتظامی نظم و ضبط کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا سیفٹی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈی سی کو ہدایت کی کہ جہاں کھدائی ہو رہی ہے وہاں منصوبے کی تصویر اور تفصیلات آویزاں کی جائیں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ عارضی تکلیف کے بعد انہیں کیا بڑی سہولت ملنے والی ہے۔ امن و امان پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور بتایا کہ ریپ جیسے سنگین کیسز میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ منشیات کے خاتمے اور چائلڈ ابیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے گا، کیونکہ عوامی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور ہے اور ہم اپنی کارکردگی سے ہی عوام کا اعتماد جیتیں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ پورے پنجاب میں ترقیاتی کام ہوں اور کسی ایک علاقے پر فوکس نہ ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا گورننس ماڈل میرٹ پر مبنی ہے، جو کام کرے گا وہ اپنی سیٹ پر موجود رہے گا۔ ہر طرف پنجاب کے سکولوں، ہسپتالوں، لا اینڈ آرڈر اور گرین بسوں کی باتیں ہو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تھوڑے عرصے میں 100 سے زائد منصوبے شروع کیے ہیں، جو کہ آسان کام نہیں ہے۔دن بدن لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جاتا ہے۔ سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سی ایم پنجاب مریم نواز سیاست کو عبادت کی طرح سمجھتی ہیں۔ 100 سے زائد منصوبے ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ ان کے لیے خدمت کی سیاست ہی اصل مقصد ہے اور یہی (ن) لیگ کا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن )لیگ نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ (ن) لیگ ہی کے سر یہ سہرا ہے کہ اس نے ملک کو نیوکلیئر پاور بنایا۔ (ن) لیگ کی قیادت کو یہ کریڈٹ بھی جاتا ہے کہ 4 گھنٹے کی جنگ کے بعد دشمن کو ایڑیاں رگڑنی پڑیں۔اب اسلام آباد ٹاکس کے حوالے سے بھی پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علم میں ہے اور بہت جلد قیمتیں کنٹرول ہوں گی۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری سکولوں کو معیاری بنا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب نواز شریف سنٹر آف ایکسیلینس جیسے سکولوں میں داخلے کے لیے بچوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔