سعودی ولی عہد کا پاکستان کو 3 ارب

پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور خصوصی تعلقات کے ایک اہم اظہار کے طور پر، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی خطیر مالی معاونت بطور ڈپازٹ دینے کا پیغام دیا ہے، جو سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مسلسل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق باخبر ذرائع کاکہنا ہے کہ ولی عہد نے چند روز قبل سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ کو خصوصی طور پر مختصر دورے پر پاکستان بھیجا تاکہ وہ پاکستانی قیادت کو ولی عہد کی جانب سے یقین دہانی کرا سکیں کہ ایک خلیجی ملک کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالرز کی واپسی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے زرمبادلہ کے ممکنہ خلاء پر پاکستان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے کا کہنا تھا کہ اس دورے کا واحد مقصد پاکستان کی قیادت کو مضبوط یقین دہانی کرانا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں پیدا ہونے والے خلاء کو پورا کرنے کیلئے آگے بڑھے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک دوست خلیجی ملک پاکستان کے ذخائر سے 3 ارب ڈالرز سے زائد کی اپنی رقم واپس لے رہا ہے۔ اس کے جواب میں سعودی عرب نے مساوی مالیت سٹیٹ بینک آف پاکستان میں بطور ڈپازٹ رکھنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ ملک کے ذخائر کی سطح مستحکم رہے۔
حکام نے اس اقدام کو سعودی قیادت کی جانب سے ایک ’’غیر معمولی اقدام‘‘ قرار دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک اعتماد اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس پہلے ہی سعودی عرب کے5 ارب ڈالرز کے ڈپازٹس موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاکستانی قیادت، خواہ سول ہو یا عسکری، سعودی ولی عہد شہزادے کی جانب سے اس خصوصی اور ذاتی اقدام پر بے حد مشکور ہے۔
دریں اثناء توقع ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ ولی عہد سے ملاقات کریں گے اور بروقت تعاون پر پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کریں گے۔ اس دورے میں وزیرِ اعظم سعودی قیادت کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اور ایران اور امریکہ کے مابین دوسرے دور کے مذاکرات کی سہولت کاری کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی آگاہ کریں گے۔
پاکستان دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سرگرم ہے اور 22 اپریل سے قبل ایک اور دور کے انعقاد کی کوشش کررہا ہے تاکہ موجودہ جنگ بندی کو زیادہ پائیدار انتظام میں تبدیل کیا جا سکے۔
ذرائع کا خیال ہے کہ سعودی عرب کی حمایت اور پاکستان کی ثالثی کی کوششیں مل کر علاقائی استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر سکتی ہیں۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




