بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین خان نے کہا ہے کہ کل کا جلسہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے کینسل کروایا تاکہ حکومت کو ریلیف دیا جا سکے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں نورین خان کاکہناتھا کہ اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر حکومت کو ریلیف دیا گیا، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اس کے بدلے عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی بھی ریلیف حاصل نہیں کیا گیا۔ نہ ہی فیملی ملاقاتوں کے لیے کوئی مؤثر آواز اٹھائی گئی اور نہ ہی ان کی غیرقانونی قیدِ تنہائی کے خاتمے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام کیا گیا۔ بانی کی ہمشیرہ کاکہناتھا کہ عمران خان کو جیل مینول کے مطابق بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔ فیملی کا واحد اور واضح مطالبہ یہی ہے کہ عمران خان کا علاج فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل اسلام آباد میں ان کی فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں کروایا جائے۔ ان کی آنکھ کی حالت تشویشناک ہے، نہ صرف یہ کہ اس میں کوئی بہتری نہیں آئی بلکہ خدشہ ہے کہ اسے جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی بینائی مزید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کاکہناتھا کہ عمران خان کی صحت کو نظر انداز کرنا یا اس پر خاموشی اختیار کرنا ایک مجرمانہ فعل ہے۔ جب تک فیملی کی ملاقات نہیں ہوتی، ہم تسلی سے کوئی بھی بات نہیں کر سکتے اور نہ ہی کسی سرکاری مؤقف پر کسی قسم کا یقین کیا جا سکتا ہے