پرائیویٹ سیکٹر اور عوام الناس کا

وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ خطے میں جاری جنگ کے سبب عالمی سطح پر فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور رسد میں کمی کے باوجود معاشی سرگرمیوں کو بحال رکھا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ مشکل حالات میں بھی پیٹرول کی سپلائی کو برقرار رکھا جائے تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے ۔ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت پر ہفتہ وار بنیادوں پر خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے ۔صوبائی سطح پر سرکاری اداروں میں فیول کے استعمال کو 50 فیصد تک کم کیا جا رہا ہے۔ غیر ترقیاتی اخراجات پر 25 فیصد تک کٹ لگا دیا گیاہے ۔ ضرورت پڑنے پر ترقیاتی اخراجات میں بھی کمی کی جائے گی ۔ حکومت کی یہ تمام کوششیں صرف اس وقت سود مند ثابت ہوں گی جب پرائیویٹ سیکٹر بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں چیمبر کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات اور صوبے کی مجموعی سٹریٹجک معاشی پالیسی کے موضوع پر مکالماتی سیشن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وزیر خزانہ نے چیمبر کے اراکین کو جنگ جاری رہنے کی صورت میں فیول کی سپلائی میں کمی اور پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کے امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے عوام الناس اور تاجر برادری کی جانب سے بھر پور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں کفایت شعاری اقدامات کا آغاز خود حکومتی اراکین کی اخراجات میں کمی سے کیا گیا ہے کابینہ کے اراکین کو 2 ماہ کی تنخواہیں نہیں لیں گے اور نا ہی انھیں کوئی فیول دیا جائے گا۔ کابینہ اراکین اپنے فیول کا خرچ خود اٹھائیں گے ۔صوبائی وزراء کے پروٹوکول اور سرکاری دوروں پر مکمل پابندی ہو گی ۔اسمبلی اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنسز پر 25 فیصد کٹ لگایا دیا گیا ہے۔ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کی 2 ماہ کی تنخواہوں سے 2 دن کی تنخواہ کاٹی جا رہی ہے ۔ پبلک سیکٹر کمپنیوں کے بورڈ ممبرز کو آئندہ 2 ماہ بورڈ فیس ادا نہیں کی جائے گی۔ سرکاری سطح پر گاڑیوں اور دفتری آ ئٹمز کی خریداری پر مکمل پابندی ہو گی ۔ سبسڈیز کے دائرہ کو صرف ضرورت مند طبقہ تک محدود کیا جا رہا ہے۔ سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کی پالیسی اختیار کی جا رہی ۔دفاترمیں صرف ضروری سٹاف حاضری دے گا۔ ہفتے میں تین دن چھٹی کے فیصلہ پر نظر ثانی کا فیصلہ جمعے، ہفتے اور اتوار کو پٹرول کی کھپت میں اضافے کی پیش نظر کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تمام کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے باقاعدہ ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ 2 ماہ کے دوران تمام سرکاری خریداریوں اور اخراجات کی نگرانی اور اخراجات میں مزید کمی کے امکانات کامسلسل جائزہ لے گی ۔ صوبائی میڈیا کہ توسط سے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ فیول کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنائیں ۔ پرائیویٹ سیکٹر اور عوام الناس کا تعاون فیول کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنا سکتا ہے۔
میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی توجہ سے صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ رمضان نگہبان پروگرام کے تحت لاکھوں مستحق خاندانوں تک مالی معاونت پہنچائی گئی، راشن کارڈ سکیم تحت فیکٹری ورکرز اور لیبر کو ریلیف فراہم مہیا کی جا رہی ہے۔ جبکہ کسان کارڈ کسانوں کو مالی معاونت مہیا کر کے زرعی شعبے کو مضبوط بنایا رہا ہے ۔ ٹیکس محکموں کی آٹومیشن کے ذریعے انسانی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے ۔سسٹم میں جو نقائص باقی رہ گئے ہیں عوام کے فیڈ بیک سے وہ بھی دور کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال میں پنجاب حکومت نے صدی کے بدترین سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باوجود ترقیاتی عمل کو متاثر نہیں ہونے دئیے۔ آ ئند ہ بھی حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ ایران کی جنگ میں پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی زمہ داری سونپی گئی ہے اسے بخوبی نبھائیں گے ۔
اس موقع پر وزیر خزانہ کے ہمراہ سیکرٹری انڈسٹریز محمد عمر مسعود بھی موجود تھے ۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انڈسٹریز نے کہا کہ ماضی کے برعکس موجودہ حکومت کی پالیسی صنعت دوست ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کسی صورت انڈسٹری کی بندش کو ترجیح نہیں دیں گی۔ پاکستان میں 81 فیصد فیول مڈل ایسٹ سے آتا ہے یہی وجہ ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال ہمیں متاثر کر رہی ہے۔ فیول کی قیمتیں ایک بڑا چیلنج ہیں تاہم وفاقی و صوبائی حکومت سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور مئی تک فیول کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنائیں گی۔ پرائیویٹ سیکٹر میں فیول کے استعمال میں کمی نہ آنا ایک تشویشناک امر ہے جس کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے الیکٹرک وہیکلز کے فروغ، ای ٹکٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے اخراجات میں کمی اور شفافیت کے فروغ پر بھی روشنی ڈالی۔
نائب صدر فیڈریشن آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ذکی اعجاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے تاکہ ریونیو کی پیداوار برقرار رہے۔ حکومت کی جانب سے فیول کی دستیابی کو یقینی بنانا قابل تحسین ہے اور وزیراعظم و وزیر اعلیٰ کے بروقت اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے پاس متبادل توانائی وسائل موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف موجودہ بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
مکالماتی سیشن میں مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جن میں عوامی آگاہی مہم کے ذریعے فیول کے غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی، سوشل میڈیا پر غلط معلومات کی روک تھام، تعلیمی اداروں کو غیر ضروری بندشوں سے بچانا، کار پولنگ اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ، اور کاروباری اوقات کار میں توازن پیدا کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔ مزید برآں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر کفایت شعاری کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے، اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی پائیدار معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




