اسلام آباد : سپریم کورٹ کی جانب سے کچھ ریلیف ملنے اور عمران خان کی حالیہ خاموشی نے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کو بڑھاوا دیا ہے کہ آیا ان کے ساتھ کوئی ممکنہ ڈیل ہو رہی ہے یا ان کی قانونی و سیاسی پابندیوں میں نرمی پر غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم ایسی کسی قیاس آرائی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ جہاں تک ان کی صحت کے مسائل کا تعلق ہے، حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو انہیں علاج کی سہولت فراہم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، جیسا کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔ متعدد مقدمات کے باعث جیل میں قید عمران خان گزشتہ چند ماہ سے کوئی پیغام جاری نہیں کر پائے کیونکہ انہیں اہلِخانہ، پارٹی رہنمائوں اور وکیلوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی کے اندر بھی اس حوالے سے غیر یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے کہ اگر عمران خان کو دوبارہ اہلِ خانہ تک رسائی یا آزادانہ اظہار کی اجازت ملتی ہے تو ان کے رد عمل کی نوعیت کیا ہو سکتی ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے ایک پارٹی رہنما نے تسلیم کیا کہ عمران خان کے اگلے اقدام کی پیش گوئی کبھی آسان نہیں رہی۔