وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بسنت خوبصورت تہوار ہے،دھاتی ڈور کی وجہ سے بسنت پر پابندی لگائی گئی تھی،ہم نے محفوظ بسنت کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں،لاہور میں موٹر سائیکلوں پر 10لاکھ کے قریب سیفی راڈز لگائے گئے ہیں،بسنت کے 3دن پبلک ٹرانسپورٹ فری کردی ہے،میٹرو، اورنج لائن اور بسوں پرسفر فری ہوگا تاکہ لوگ بائیک استعمال نہ کریں۔ عظمیٰ بخاری کاکہناتھا کہ ایک ارب24کروڑ سے زائد کی پتنگیں اورڈور فروخت ہو چکی ہے،بسنت کی وجہ سے پوری دنیا سے لوگ لاہور آ رہے ہیں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت قوانین بنائے ہیں،کوشش ہے لوگوں کو پریشانی اور مایوسی کے ماحول سے نکالا جائے،ان کا کہناتھا کہ اگر کسی نے دھاتی ڈور استعمال کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، لوگوں کو چھتوں کے لئے این او سی جاری کئے گئے ہیں،لوگ بسنت کے تہوار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ایس او پیز پر عمل کریں،ڈرون کیمروں کی مدد سے چھتوں کو مانیٹر کریں گے،چند لوگوں کی غلطی کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کوخوشیوں سے محروم کردیا جاتا ہے،کسی قسم کی خلاف ورزی کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ بسنت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی انڈسٹری بھی چل پڑی ہے،بسنت کی وجہ سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے ،لوگوں کو سٹاک کی وجہ سے بھی سپلائی چین میں مسئلہ آیا ہے ،ہر کام حکومتوں کا نہیں ہوتا شہریوں کو بھی رولز پر عمل کرنا ہوگا، تنقید کرنے والوں کو عوام کی خوشی سے تکلیف ہوتی ہے،ایسے لوگ چاہتے ہیں عوام خوشی اور سکھ کا سانس نہ لیں،پی ٹی آئی والے بسنت کے تہوار کو سیاسی نہ بنائیں۔