حال ہی میں پنجاب حکومت نے صوبے کے سرکاری محکموں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے ای بِز پورٹل کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد یکم فروری تک 200 سے زائد کاروباری اور انتظامی سروسز کو آن لائن فراہم کرنا ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس اقدام کے بعد شہریوں اور کاروباری افراد کو متعدد معاملات میں سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نمایاں طور پر کم ہو جائے گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی نگرانی میں تیار کیا گیا یہ نظام پنجاب حکومت کی ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کا مرکزی ستون قرار دیا جا رہا ہے۔ محمد رضوان جو لاہور کے شہری ہیں انہوں نے حال ہی میں اپنا کاروبار کرنے کے لیے ای بِز پورٹل پر اکاؤنٹ بنایا اور کچھ خدمات حاصل کیں۔ اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ ای بِز پورٹل کے ذریعے درخواست دینے کے بعد مجھے چکر نہیں لگانے پڑے۔ لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جس پر میں کہوں گا کہ وقت کی بچت ہوئی ہے۔ اور ابھی یہ سسٹم پوری طرح فعال بھی نہیں ہے۔ اب کہہ تو رہے ہیں کہ مارچ تک وہ کام بھی اس پورٹل کے ذریعے ہو جائیں گے جن کے لیے دفاتر کے لیے چکر لگانا پڑ رہے ہیں۔‘