اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ رمضان المبارک کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پچھلے سال کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے غریب عوام کے لیے زیادہ مؤثر اور سودمند رمضان پیکج اور سفارشات مرتب کریں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان اور پچھلے سال کے رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں کی شفافیت پر مستند آڈٹ ادارے کی طرف سے ستائش کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال سے وفاقی حکومت نے غریب عوام کورمضان پیکج کے ذریعے ارزاں نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے شفاف نظام مرتب کیا ہے۔ ملک میں کئی دہائیوں سے جاری یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے مالی بے ضابطگیوں اورغریبوں کے استحصال کا رائج نظام حکومت نے شفاف اورمنظم نظام میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے آنے والے رمضان کے لیے پچھلے سال سے بھی زیادہ مؤثر پیکج تیار کریں تاکہ بدعنوانی کے باعث مستحق افراد محروم نہ رہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ رمضان پیکج کی امدادی رقوم غریب عوام میں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کی جائیں تاکہ عوام کی عزت و تکریم مجروح نہ ہو اور کیش لیس معیشت کے حصول میں مدد ملے۔ جب تک معیشت نہیں چلے گی، ملک کا پہیہ نہیں چل سکتا، کھئیل داس کوہستانی انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی شمولیت سے کیش لیس اکانومی کو فروغ ملے گا اور تمام وزارتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ امدادی رقوم میں مستحق افراد کی شمولیت زیادہ سے زیادہ ہو۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سوشل پروٹیکشن والٹ نظام نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحق افراد میں مفت سمزتقسیم کی جا رہی ہیں اورمارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم اسی سم کے ذریعے ڈیجیٹلی فراہم کی جائیں گی، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں کسی مالی بدعنوانی یا سنگین انتظامی بدنظمی کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سمیت دیگرسرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے غریب عوام کے لئے پیکج کی شفاف اور مؤثرتقسیم کو یقینی بنانے پراتفاق کیا۔