چینی کمپنی ’’ہان گینگ ٹریڈ کمپنی‘‘

گوادر فری زون میں کام کرنے والی چینی کمپنی ’’ہان گینگ ٹریڈ کمپنی‘‘ نے پاکستان میں اپنا پلانٹ بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ کمپنی گدھے کا گوشت ایکسپورٹ کرتی تھی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم مئی 2026 سے وہ پاکستان اور چین میں اپنے ملازمین کو مطلع کر رہے ہیں کہ غیر مارکیٹ عوامل، آپریشنل رکاوٹوں اور پالیسیوں پر عمل درآمد میں غیر یقینی صورتحال کے باعث وہ اب مزید کام جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے۔ کمپنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنصیبات نے چینی کسٹمز اور عالمی فوڈ سیفٹی کے تمام معیارات کو پورا کیا تھا، مگر اس کے باوجود عملی طور پر ضروری منظوریوں کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس کی وجہ سے برآمدات معطل رہیں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے کمپنی متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی تھی لیکن مسلسل مالی نقصانات، ملازمین کی تنخواہوں، بجلی کے اخراجات اور کنٹینر ڈیمرج چارجز کی وجہ سے اب کام جاری رکھنا ناممکن ہو گیا ہے۔ کمپنی کا موقف ہے کہ یہ چیلنجز اب صرف تکنیکی یا قانونی نوعیت کے نہیں رہے بلکہ ان کا تعلق انتظامی اور نظامی رکاوٹوں سے ہے جنہیں حل کرنا کسی ایک کمپنی کے بس میں نہیں۔ ہان گینگ گروپ نے دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے قبل پالیسیوں کے نفاذ میں پائے جانے والے خلا اور ادارہ جاتی غیر یقینی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ گوادر پورٹ سی پیک کا ایک اہم منصوبہ ہے اور وہ غیر ملکی زرمبادلہ کمانے اور روزگار پیدا کرنے کے لیے مکمل تیار تھے، لیکن اس کے لیے ایک واضح اور مستقل پالیسی ماحول کی ضرورت ہے جو اب تک میسر نہیں آ سکا۔ بیان کے آخر میں کمپنی نے اپنے تمام ملازمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے حالات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اب وہ انہیں مستقل روزگار فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




