قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے حکومت کے بجٹ میں متوسط آمدنی والے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے پر سوال اٹھادیا ہے اورکمیٹی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس کے ڈیٹا تک رسائی دینے کی تجویز مسترد کر دی جبکہ بعض معاملات میں ٹیکس دہندگان کے لیے سخت سزاؤں کی مخالفت بھی کی۔ انگریزی جریدے ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تاخیر سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے زیادہ سرچارج عائد کرنے اور درآمد شدہ لگژری گاڑیوں پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا حاصل کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کے ارکان نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس اختیار کے غلط استعمال کا خدشہ ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وہ یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ اس ڈیٹا کا غلط استعمال کیا جائے گا۔ ایف بی آر کے رکن حمید عتیق سرور نے کمیٹی کو بتایا کہ متعلقہ ڈیٹا پہلے ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود ہے اور اسے صرف انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ موازنہ کرنے کے لیے دیکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ٹیکس حکام کو بینکنگ لین دین کی نگرانی میں مدد ملے گی۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے پر پہلے ہی اسٹیٹ بینک کے ساتھ فیصلہ ہو چکا ہے اور ایف بی آر کو شیڈولڈ بینکوں سے براہِ راست اکاؤنٹ ہولڈرز کا ڈیٹا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس ڈاکٹر نجیب میمن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹ کی تفصیلات صرف اسی صورت طلب کی جائیں گی جب کسی اکاؤنٹ میں بڑی رقم منتقل ہو۔تاہم ایف بی آر کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائے جانے کے باوجود کہ مجوزہ ترمیم اسٹیٹ بینک کے ذریعے نافذ کی جائے گی، قائمہ کمیٹی نے تجویز مسترد کر دی اور ٹیکس حکام کو اکاؤنٹ ہولڈرز کا ڈیٹا براہِ راست حاصل کرنے سے روک دیا۔اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ اس وقت 18 لاکھ بینک اکاؤنٹس میں 37 کھرب روپے موجود ہیں، جن میں سے صرف 10 لاکھ اکاؤنٹس ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ بڑی کمپنیوں کے لین دین کی تفصیلات پہلے ہی دستیاب ہیں، تاہم ایف بی آر نگرانی کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے شیڈولڈ بینکوں تک براہِ راست رسائی چاہتا تھا۔کمیٹی نے فنانس بل 2026 کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں مجوزہ ان ترامیم کو بھی مسترد کر دیا جن کے ذریعے فائلرز اور نان فائلرز کے لیے سزاؤں کو مزید سخت بنایا جانا تھا۔ کمیٹی نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ ان ترامیم کو ازسرِ نو مرتب کرے۔ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ بیماری یا کسی دوسرے حقیقی اور جائز عذر کی صورت میں ٹیکس دہندگان کو غیر ضروری طور پر سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ قانون سازوں نے رائے دی کہ ایسے حالات میں جرمانے عائد کرنا غیر منصفانہ ہوگا۔