راحت فتح علی اور عاطف اسلم شادیوں پر

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کی بڑی شادیوں اور نجی تقریبات میں شرکت ہمیشہ خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔
دونوں گلوکار پاکستان میں ملک ریاض اور بھارت میں مکیش امبانی جیسے بااثر افراد کی تقریبات میں بھی پرفارم کر چکے ہیں، جہاں ان کے معاوضے خاص توجہ کا مرکز بنے۔
حال ہی میں فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کی شادی میں بھی راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے خصوصی پرفارمنس دی، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
سینئر اینکر پرسن نعیم حنیف نے ایک حالیہ گفتگو میں ان معروف گلوکاروں کے معاوضوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔
ان کے مطابق راحت فتح علی خان پاکستان میں کسی شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔ اگر پرفارمنس کسی دوسرے شہر میں ہو تو یہ رقم بڑھ جاتی ہے، جبکہ بیرونِ ملک پروگرام کی صورت میں ان کی فیس تقریباً دگنی ہو جاتی ہے۔
نعیم حنیف کے مطابق عاطف اسلم ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کیا کرتے تھے، تاہم تقریباً سات سال قبل ملک ریاض نے انہیں اپنے پوتے کی شادی میں مدعو کیا۔ عاطف اسلم نے بظاہر انکار کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، مگر یہ رقم ادا کر دی گئی۔ اسی واقعے کے بعد عاطف اسلم نے شادیوں میں پرفارم کرنا شروع کیا اور اب وہ فی پرفارمنس تقریباً دو سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین عموماً صحت کے مسائل کے باعث کم پرفارم کرتی ہیں، تاہم اگر کسی تقریب میں شرکت کریں تو ان کا معاوضہ بھی کم نہیں ہوتا اور وہ تقریباً ساٹھ سے ستر ہزار ڈالر وصول کرتی ہیں۔ نعیم حنیف کے اندازے کے مطابق مذکورہ شادی میں مجموعی طور پر گلوکاروں کی پرفارمنس پر خرچ ہونے والی رقم تقریباً سات کروڑ روپے کے قریب تھی۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




