رجب بٹ کی اہلیہ کا ساس

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب اور ان کی ساس کے درمیان ہونے والی مبینہ نجی گفتگو سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر عوامی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
لیک ہونے والی وائس نوٹ میں ایمان رجب روتے ہوئے اپنی ساس سے بات کرتی سنائی دیتی ہیں اور درخواست کرتی ہیں کہ ان کے بیٹے کیوان کا ذکر ولاگز میں نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کا بچہ عوامی توجہ کا مرکز بنے، کیونکہ سوشل میڈیا پر منفی تبصرے اور رویے سامنے آتے ہیں۔
وائس نوٹ میں ایمان رجب کہتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے بیٹے کو خاص حالات میں عطا کیا ہے اور وہی جانتی ہیں کہ اس کی پیدائش کے وقت کن مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اللہ نے ہی اسے بچایا ہے‘‘ اور وہ کسی صورت اپنے بچے کو نقصان پہنچتے نہیں دیکھ سکتیں۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ نہ ان کے ساتھ ظلم کیا جائے اور نہ ہی ان کے بچے کے ساتھ، اور آئندہ کیوان کا نام ولاگ میں نہ لانے کی ذمہ داری گھر کے بڑوں کو اٹھانی چاہیے۔ ایمان رجب نے وائس نوٹ میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بچے کی حفاظت سے متعلق تمام امور سے آگاہ ہیں اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرنا چاہتیں۔
وائس نوٹ کے مطابق، رجب بٹ کی والدہ نے کہا کہ وہ ایمان کے گھر آ کر بچے کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گی، تاہم ایمان نے کیک کی بجائے عقیقہ کے جانور قربان کرنے کی درخواست کی۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ایمان رجب کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہر ماں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بچے کو سوشل میڈیا سے دور رکھے۔ دوسری جانب بعض صارفین نے وائس نوٹ کے لیک ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ یہ نجی گفتگو کس نے اور کیوں منظرِ عام پر لائی۔
یہ واقعہ رجب بٹ اور ایمان رجب کے خاندانی تنازع میں ایک نیا موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بحث بدستور جاری ہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




