پنجاب بار نے رجب بٹ کے وکیل کا لائسنس معطل کر دیا

2026-01-03
پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کی جانب سے مبینہ حملے کے واقعے کے بعد پنجاب بار کونسل نے ان کے وکیل میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔
شعیب اختر سے ملاقات کی ویڈیو پر ڈکی بھائی کا ردعمل، افواہوں کو مسترد کر دیا
2026-07-10
معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو پر جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان کسی قسم کی ناراضی یا کشیدگی نہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ ڈکی بھائی نے ایک تقریب کے دوران شعیب اختر کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا، جس پر مختلف صارفین اور سوشل میڈیا پیجز نے دونوں کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں۔ ڈکی بھائی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شعیب اختر سے تقریب شروع ہونے سے پہلے نجی طور پر ملاقات کی، ایک دوسرے کو سلام کیا اور مختصر گفتگو بھی کی، جس کے بعد شعیب اختر اسٹیج پر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ایک ہی تقریب میں موجود تھے اور کیمروں سے ہٹ کر پہلے ہی ملاقات کر چکے تھے، پھر دوبارہ کیمرے کے سامنے ملنے کی کیا ضرورت تھی؟
راجو جمیل نے ہانیہ عامر کا صدقہ کیوں دیا تھا؟
2026-07-10
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راجو جمیل نے اداکارہ ہانیہ عامر کا صدقہ دینے کا انکشاف کیا ہے۔ راجو جمیل نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل’انا‘ کی شوٹنگ کے دوران میں ہانیہ عامر کی اداکارانہ صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوا، وہ کمال کی اداکارہ ہیں۔ اداکار نے بتایا کہ ہانیہ عامر نے اس ڈرامے کے ایک بہت مشکل اور طویل دورانیے کے منظر کی شوٹنگ صرف ون ٹیک میں مکمل کروائی تھی۔ اُنہوں نے بتایا کہ جب ہانیہ عامر نے اس مشکل منظر کی شوٹنگ ون ٹیک میں مکمل کروا دی تو میں اٹھا، میں نے اپنی جیب سے 1 ہزار روپے کا نوٹ نکالا اور اداکارہ کے سر پر سے وار کر ان کا صدقہ دیا۔ راجو جمیل نے یہ بھی کہا کہ ہانیہ عامر نے شاندار اداکاری سے اس وقت سیٹ پر ہم سب کو حیران کر دیا تھا اور ایک سینئر اداکار کا کام ہے کہ وہ ان کی حوصلہ افزائی کرے جو اچھا کام کر رہے ہیں۔
اداکار احسن خان کے والد انتقال کرگئے
2026-07-10
نامور پاکستانی اداکار احسن خان کے والد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔ اداکار احسن خان نے اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے والد کے ہمراہ چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ان کے انتقال پر ایک جذباتی اور دل کو چھو لینے والا پیغام بھی تحریر کیا۔ احسن خان نے لکھا کہ بعض جدائیاں ہمیں زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یاد دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کوئی چیز ہمیشہ رہنے والی نہیں اور ہر چیز اللّٰہ ہی کی امانت ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میرے والد ایک بے حد شاندار انسان تھے اور آج میں جو کچھ بھی ہوں، اس میں ان کا بنیادی کردار ہے
شاہ رخ خان اچھا اداکار نہیں ہے: فردوس جمال
2026-07-09
پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے کہا ہےکہ ان کے نزدیک شاہ رخ خان اچھے اداکار نہیں ہیں۔ فردوس جمال نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ناصرف پاکستانی انٹرٹینمٹ انڈسٹری بلکہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کے حوالے سے بھی بات کی۔ میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیاکہ دلیپ کمار نے اپنی ولایت شاہ رخ خان کو منتقل کی ہے جس پر آپ کا کیا کہنا ہے؟ فردوس جمال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات سے متفق نہیں، میرا نہیں خیال اس میں کوئی ولایت نہیں ہوتی، نہ یہ کوئی ریاست ہے نہ کوئی زمین اور نہ ہی کوئی ڈگری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان میں بہت سی خامیاں تھیں، بولنے کی خامی تھی، جسم بھی اچھا نہیں تھا، میں یہ کہتا ہو کہ وہ اداکار اتنا بڑا نہیں ہے جتنا بڑا وہ ایک اسٹار ہے۔
میری اور صبا کی شادی 29 سال رہی: وسیم عباس نے علیحدگی کی وجہ بتادی
2026-07-09
پاکستان کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اپنی دوسری شادی اور پھر طلاق سے متعلق چند انکشافات کیے ہیں۔ وسیم عباس کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے جس میں وہ ورسٹائل اداکارہ صبا حمید سے اپنے ازدواجی تعلق ختم ہونے پر گفتگو کررہے ہیں۔ اداکار نے کہا کہ میری اور صبا کی شادی 29 برس چلی جس کے بعد ہم نے باہمی رضامندی سے طلاق کا فیصلہ کیا، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ خوش رہیں۔ وسیم عباس نے کہا ضروری نہیں ہوتا کہ جب کوئی رشتہ ختم ہو تو اس میں ایک سچا اور ایک جھوٹا ہو، بعض اوقات یوں بھی ہوتا ہے کہ دونوں اپنی اپنی جگہ سچے ہوتے ہیں اور دونوں کے پاس اپنی اپنی وجوہات ہوتی ہیں جو صحیح ہوتی ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ انسان کرخت سی زندگی گزارے، صحیح وقت پر راہیں جدا کرلینی چاہئیں، عزت آبرو سے الگ ہوجانے میں کوئی برائی نہیں ہے، ہمارے بچے تو تھے نہیں، میری پہلی شادی سے چار اور صبا کے پہلی شادی سے دو بچے تھے، ہم نے شادی کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ ہمیں آپس میں بچے نہیں چاہئیں۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم عباس نے کہا میری صبا سے کوئی ناراضی نہیں ہے، اب بھی ہم کہیں ملتے ہیں تو خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوتی ہے اور کوئی ہمیں اگر ڈرامے میں کاسٹ کرے گا تو ہم کام کریں گے۔
معروف بالی وڈ اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک
2026-07-09
بالی وڈ اور ہندی سنیما کے معروف اداکار راجیش شرما کو جنوبی بھارت کے سپر اسٹار پربھاس کی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا جس کے بعد ان کی حالت خراب ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کلکتہ کے ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہلخانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے ان کی بگڑتی ہوئی صحت کی تصدیق کی۔ اس نوٹ میں تحریر کیا گیا کہ یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا جہاں پربھاس کی فلم کی شوٹنگ جاری تھی، پیک اپ کے بعد راجیش شرما گھنی جھاڑیوں کے قریب مقامی تکنیکی عملے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے جب انہیں کسی کیڑے نے کاٹا، اس وقت انہوں نے اسے معمولی سمجھا اور فوری طبی امداد نہیں لی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے 6 گھنٹے بعد اداکار کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوا اور وہ حالت خراب ہونے کے باوجود کلکتہ کی فلائٹ میں سوار ہو گئے جہاں سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اور طبیعت مزید بگڑ گئی۔ اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق زہر کا انفیکشن راجیش شرما کے پیر کی انگلیوں سے لے کر گھٹنے تک پھیل چکا ہے اور ٹانگ پر بڑے بڑے چھالے بن گئے ہیں، انہیں سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انفیکشن کی وجہ سے ٹانگ میں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے جو اگر سفر کر کے پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، راجیش شرما ابھی تک خطرے سے باہر نہیں ہیں۔
نشو بیگم کا بزرگ والدین کو جائیداد سے متعلق مشورہ
2026-07-08
پاکستانی فلموں کی سینئر اداکارہ نشو بیگم نے بزرگ والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام منتقل نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے بعض اوقات والدین کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نشو نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران بڑھاپے، صحت اور مالی تحفظ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بڑھاپے میں انسان کو سب سے زیادہ اپنی صحت اور دولت کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ اگر یہ دونوں چیزیں نہ ہوں تو بعض لوگ آپ کی قدر کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ نشو نے کہا کہ میں سب سے یہی کہوں گی کہ بڑھاپے میں اپنی صحت اور اپنی دولت کا خیال رکھیں، ورنہ آپ کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے، ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا، لیکن کچھ لوگ ضرور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنی زندگی میں جائیداد بچوں کے نام نہیں کرنی چاہیے۔ اداکارہ کے بقول میں صاف صاف کہتی ہوں کہ کبھی بھی اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام نہ کریں، آپ کے انتقال کے بعد وہ ویسے بھی ان تک پہنچ جائے گی، لیکن اگر آپ زندگی میں ہی سب کچھ ان کے حوالے کر دیں گے تو پھر آپ کی قدر کم ہو جائے گی۔ نشو نے کہا کہ اگر بزرگ والدین کے پاس مالی وسائل موجود ہوں تو ان کی دیکھ بھال بھی بہتر انداز میں کی جاتی ہے، حتیٰ کہ ان کی دوائیں بھی وقت پر لائی جاتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں مالی طور پر کمزور بزرگوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ اداکارہ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ انسان کو دنیا کی نہیں بلکہ اللّٰہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس ہونا چاہیے اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک ہر حال میں مقدم
روی موہن نے فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ واپس لے لیا
2026-07-08
تامل اداکار روی موہن نے فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ اداکاری جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ طلاق کا معاملہ حتمی طور پر حل ہونے تک فلموں سے دور رہیں گے۔ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے اعتراف کیا کہ انہوں نے وہ فیصلہ جذبات میں بہہ کر کیا تھا، انہوں نے اپنے مداحوں سمیت فلمی برادری سے معذرت بھی کی۔ اپنی اہلیہ آرتی روی سے علیحدگی اور اس کے بعد گلوکارہ وہیلر کینیشا فرانسس کے ساتھ بریک اپ کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے روی موہن نے یہ بھی کہا کہ وہ اب خود کو سنیما سے دور نہیں رکھیں گے۔ ایوارڈز کی تقریب کے دوران روی موہن نے کہا کہ انہوں نے اپنی آدھی زندگی سنیما کو دی ہے اور اپنے پچھلے اعلان سے مداحوں کا دل دکھانے پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سال 46 برس کا ہو رہا ہوں۔ اگر اس کا آدھا کریں تو 23 سال بنتے ہیں، یعنی میری آدھی زندگی سنیما میں گزری ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ میری ایک چھوٹی سی غلطی نے آپ سب کو اتنا دکھ پہنچایا۔ ادکار نے واضح کیا کہ انڈسٹری کے لوگوں کی طرف سے ملنے والی حمایت کے بعد انہوں نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی۔ بڑے پردے پر واپسی کا وعدہ کرتے ہوئے روی نے مزید کہا کہ میں اپنے مداحوں کو مزید دھوکہ نہیں دوں گا، میں یقیناً واپس آؤں گا۔ مئی میں ہونے والی اپنی جذباتی پریس کانفرنس کو یاد کرتے ہوئے روی موہن نے کہا کہ انہیں اس پر ملنے والے ردعمل سے حوصلہ ملا، خاص طور پر ان لوگوں سے جو ان کی مشکلات کو سمجھ سکتے تھے۔ روی موہن کا یہ بیان اس پریس کانفرنس کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جس میں وہ بات کرتے ہوئے رو پڑے تھے اور اعلان کیا تھا کہ وہ طلاق کی کارروائی مکمل ہونے تک اداکاری سے دور رہیں گے۔ اس وقت اداکار اپنے دو بیٹوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے تھے اور انہوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بچوں کے لیے ان کی محبت پر سوال نہ اٹھائیں۔
دھرمیندر نے موت سے قبل پیغام میں کیا کہا تھا؟
2026-07-08
الی وڈ کی سینئر اداکارہ و سیاسی رہنما ہیما مالنی نے دھرمیندر کی موت سے قبل اُن کے آخری پیغام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ اپنے تعلق پر بھی بات کی۔ حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں 78 سالہ ہیما مالنی نے آنجہانی شوہر کی موت سے قبل اہلِ خانہ کے لیے دیے گئے آخری پیغام کا ذکر کیا۔ اداکارہ نے کہا انہوں نے موت سے قبل کہا تھا کہ ہمیشہ خاندان کے ساتھ مل کر رہنا، چاہے کوئی بھی کام ہو، خاندان کو ہمیشہ اہمیت دینی چاہیے۔ سنی اور بوبی دیول کے بارے میں ہیما مالنی نے کہا بوبی اور سنی دونوں بہت اچھے بیٹے ہیں، ہم سب ہمیشہ ایک ساتھ رہتے ہیں، ہم اپنی خاندانی باتوں کی تشہیر نہیں کرتے، ہمارے درمیان ایک مضبوط رشتہ اور گہرا تعلق ہے، دھرمیندر کو بھی کبھی اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں تھا۔ یاد رہے کہ ہندی سنیما کے سینئر ترین اداکار دھرمیندر گزشتہ برس 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔ دھرمیندر اور ہیما مالنی کی پہلی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخر میں ایک ساتھ فلموں میں کام کرتے ہوئے ہوئی۔ بعد ازاں انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین شامل ہیں۔ ان کی آن اسکرین شاندار کیمسٹری جلد ہی حقیقی زندگی کی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے 1980 میں شادی کرلی لیکن دھرمیندر پہلے ہی شادی شدہ اور ان کے چار بچے تھے۔ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں۔
یلینا جیٹلی کی برسوں بعد بھارت واپسی، گھریلو تشدد اور تلخ تجربات پر پہلی بار کھل کر گفتگو
2026-07-07
بھارتی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے برسوں بعد بھارت واپسی کے موقع پر انکشاف کیا ہے کہ میں نے 15 سالہ ازدواجی زندگی کے دوران ذہنی اور جذباتی تشدد برداشت کیا جبکہ اس عرصے میں والدین اور اپنے نومولود بیٹے کی وفات جیسے بڑے صدمات کا بھی سامنا کیا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں نے محبت سے بھرا خاندان بنانے کے خواب کے ساتھ شادی کی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میں نفسیاتی دباؤ اور مسلسل بدسلوکی کا شکار ہوتی چلی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ تشدد اچانک شروع نہیں ہوتا بلکہ اس کا بھی محبت کے ساتھ ہی آغاز ہوتا ہے اور رفتہ رفتہ انسان اس کا عادی بن جاتا ہے۔ سیلینا جیٹلی نے کہا کہ کامیابی، شہرت یا اعلیٰ تعلیم کسی کو بھی گھریلو تشدد سے محفوظ نہیں رکھ سکتی، متاثرہ افراد اکثر بہتر مستقبل کی امید میں تعلق نبھاتے رہتے ہیں جبکہ ان کی شخصیت آہستہ آہستہ ختم ہوتی جاتی ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ ازدواجی زندگی کے خاتمے کے بعد میں آسٹریا کے ایک گاؤں میں کورونا کی عالمی وباء کے دوران تقریباً ڈھائی سال شدید تنہائی کا شکار رہی، 15 سال کی قربانیوں کے بعد مجھے تنہا چھوڑ دیا گیا، مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور جڑواں بیٹوں ونسٹن اور ویراج کی پرورش کی ذمے داری بھی مجھ پر آ گئی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات مجھے زندگی ختم کرنے کا خیال بھی آیا لیکن ایک فوجی افسر کی بیٹی ہونے کے ناتے میں نے ہمت نہیں ہاری۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیلینا جیٹلی اب فلم ’سسٹر نویدیتا‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں واپس قدم رکھ رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب میرے پاس آگے بڑھنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے اور اداکاری ہی وہ سہارا ہے جس نے زندگی کے ہر مشکل مرحلے میں مجھے سنبھالا۔ انہوں نے نوجوان نسل، خصوصاً خواتین اور مردوں کو مشورہ دیا کہ اپنی مالی خودمختاری اور اثاثوں پر ہمیشہ اپنا اختیار برقرار رکھیں۔
