بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ اور راکھی ساونت بھی کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے منعقدہ احتجاج کے حق میں بولنا شروع ہو گئے ہیں۔ بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے کاکروچ جنتا پارٹی کی ’چلو سنسد‘ ریلی کے دوران مظاہرین پر ہونے والی پولیس کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے تشدد کی مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں 76 سالہ اداکار نے کہا کہ ’’اگر ایک جاہل شخص کسی ملک کی قیادت کرے تو وہ چاہے گا کہ پورا ملک بھی اسی کی طرح جاہل، بے حس اور بے رحم بن جائے۔‘‘ نصیرالدین شاہ نے کہا کہ ’’بطور استاد مجھے اپنے طلبہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اسی لیے میں نوجوانوں سے خصوصی ہمدردی رکھتا ہوں، ان بچوں کے ساتھ جس بے رحمی سے سلوک کیا جا رہا ہے، وہ مجھے امریکہ کے آئیس(آئی سی ای) اہلکاروں کی یاد دلاتا ہے، جن کے چہروں پر ماسک اور ہاتھوں میں لاٹھیاں ہوتی ہیں۔‘‘ اداکار نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں کیونکہ بہت سے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔