لاہور ہائیکورٹ، رجب بٹ کو پولیس
لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کو عدالت پیشی کے موقع پر پولیس پروٹوکول دینے کے خلاف دائر درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ رجب بٹ کو جان کے خطرے کے باعث سکیورٹی فراہم کی گئی۔درخواست گزار پلوشہ عبدالحد نے وکیل فیاض رامے کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی، جس میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی سکیورٹی اور رجب بٹ کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ رجب بٹ کے خلاف سیشن کورٹ میں خاتون سے زیادتی کے مقدمے کا ٹرائل جاری ہے اور درخواست گزار اس مقدمے میں گواہ ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ملزم ہونے کے باوجود رجب بٹ کو ہر پیشی پر پولیس پروٹوکول دیا جاتا ہے۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ رجب بٹ نہ کوئی پبلک آفس ہولڈر ہیں اور نہ ہی کسی سرکاری عہدے پر فائز ہیں، اس کے باوجود انہیں سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کرنا غیر قانونی ہے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ عدالت رجب بٹ کو عدالت پیشی کے موقع پر دئیے جانے والے پروٹوکول کو واپس لینے کا حکم دے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




