کم ترین ٹونٹی ٹونٹی میچز میں

اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کم ترین ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 9 سنچریاں سکور کرنے کا بابر اعظم کا ملکی ریکارڈ توڑ دیا۔
قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 8ویں میچ میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر شاندار فتح اپنے نام کرلی، میچ کے ہیرو صاحبزادہ فرحان رہے جنہوں نے ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی۔
صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر ناقابلِ شکست 106 رنز سکور کیے جس میں 7 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
یہ صاحبزادہ فرحان کے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی 9ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی وہ 160 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے تیز ترین بلے باز بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان اب تک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 166 میچز میں 34.66 کی اوسط اور 138.36 کے سٹرائیک ریٹ سے 5096 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 9 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 9 سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 124 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
پاکستان کے بابر اعظم 244 اننگز میں 9 ٹونٹی ٹونٹی سنچریاں سکور کرکے اس فہرست میں تیسرے، جنوبی افریقہ کے رائلی روسوو 361 اننگز میں 9 ٹونٹی ٹونٹی سنچریاں بنا کر چوتھے، بھارت کے ویرات کوہلی 364 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے پانچویں جب کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 428 اننگز میں 9 ٹونٹی ٹونٹی سنچریاں بنا کر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




