کیا میسی اور رونالڈو پہلی بار ایک ٹیم میں کھیلیں گے؟

ارجنٹائن کے سابق اسٹار فٹبالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت کی تصدیق ہوگئی، پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو بھی میچ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نمائشی میچ 20 دسمبر کو بیونس آئرس کے معروف لا بومبونیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022 میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
کارلوس تیویز ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں لیونل میسی کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ بھی وقت گزار چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اگر رونالڈو نے دعوت قبول کرلی تو فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وہ اور لیونل میسی ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں نظر آئیں گے۔
میسی کی شرکت کی تصدیق ہوچکی ہے، تاہم سعودی کلب النصر کی مصروفیات کے باعث رونالڈو کی شرکت کے حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
اس نمائشی میچ میں اٹلی کے سابق گول کیپر جان لوئیجی بوفون، خوان رومان ریکلمے، ریو فرڈینینڈ، سرخیو آگوئرو، مارٹن پالرمو اور گیبریل باتیستوتا سمیت دیگر نامور فٹبالرز بھی شرکت کریں گے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




