بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

2026-08-16
بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ ڈارون ٹیسٹ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے 57 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 198 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے 426 رنز بنا کر 228 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کیمرون گرین سنچری بھی بنائی تاہم میزبان ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ مہمان ٹیم نے 57 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا، بنگلا دیش کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں پہلی فتح ہے۔ بنگلا دیش کے فاسٹ بولر حسن محمود نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 7 وکٹیں اپنے نام کیں۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک 5 ٹیسٹ میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں آسٹریلیا کو 4 اور بنگلا دیش کو ایک میچ کامیابی مل سکی۔
میراڈونا کے ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول والی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام
2026-08-25
ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوگئی۔ یہ تاریخی لمحہ 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل میں پیش آیا تھا، جب میراڈونا نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کو چکمہ دیتے ہوئے ہاتھ سے گیند جال میں پہنچائی۔ اسی میچ میں میراڈونا نے شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر دوسرا گول کیا جسے بعد میں ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا۔ امریکی ادارے ہیریٹیج آکشنز میں فروخت ہونے والی گیند کی قیمت 3.3 ملین ڈالر رہی حالانکہ اس کے 10 ملین ڈالر تک جانے کی توقع تھی۔ میچ کے ریفری علی بن ناصر نے گیند کئی دہائیوں تک محفوظ رکھی تھی۔
کولمبو ٹیسٹ: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے جاپانی مداح نے سب کی توجہ حاصل کرلی
2026-08-25
بھارت اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایک جاپانی کرکٹ مداح نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ سنہالیز اسپورٹس کلب میں موجود مداح سری لنکن ٹیم کی شرٹ پہنے میچ میں خاصی دلچسپی لیتا دکھائی دیا جس نے کرکٹ کی روایتی ممالک سے باہر بڑھتی مقبولیت کو اجاگر کیا۔ جاپانی مداح نے کہا کہ وہ میچ دیکھ کر بہت پرجوش ہیں اور ان کے خیال میں بھارت اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہے تاہم سری لنکا کم بیک کرسکتا ہے۔ جاپان میں روایتی طور پر بیس بال اور فٹبال زیادہ مقبول ہیں لیکن حالیہ برسوں میں کرکٹ کا کھیل بھی وہاں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ جاپان نے 2026 آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی حصہ لیا۔
لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ پر نفسیاتی برتری کیوں حاصل ہوگی؟
2026-08-25
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے باجود لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔ پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھا جائے تو شکست یقینی نظر آتی ہے لیکن 8 سال بعد لندن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی قومی ٹیم کو ماضی کی کامیابیاں کچھ حوصلہ ضرور دیں گی۔ پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ میں سیریز تو نہیں جیت سکی لیکن لندن کے لارڈز اور اوول کے میدانوں میں کھیلے گئے آخری تینوں ٹیسٹ میچز میں با آسانی فاتح رہی ہے۔ دوسری جانب پہلے میچ میں عبرتناک شکست کے بعد پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کپتان بابر اعظم انجری سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جبکہ محمد رضوان کو بھی باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز اور اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں 2018 میں ہونے والے لارڈز ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں محمد عباس 8 شکار کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔ پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں جن میں سے 10 فتوحات لندن کے لارڈز یا اوول کے میدان میں ملیں۔
اسیتھا فرنینڈو سے تلخ کلامی کیوں ہوئی؟ جیسوال نے خاموشی توڑ دی
2026-08-24
بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کے ساتھ میدان میں ہونے والی تلخ کلامی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اظہار کردیا۔ کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز جیسوال اور فرنینڈو کے درمیان اس وقت گرما گرمی ہوئی جب بھارتی بیٹر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیسوال نے آؤٹ ہونے سے قبل فرنینڈو کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے تھے۔ پویلین واپس جاتے ہوئے فرنینڈو کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے اشارے پر جیسوال واپس مڑے اور دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آگئے۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب جیسوال کا ہیلمٹ فرنینڈو کے ماتھے سے چھوتا دکھائی دیا۔ تاہم سری لنکن کپتان دھننجایا ڈی سلوا اور دیگر کھلاڑیوں نے مداخلت کرکے معاملہ ختم کرادیا۔ بعدازاں ایک سوشل میڈیا ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ اگر کسی کو یہ معلوم نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کیا بات ہوئی تو اسے واقعے پر فوری فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔ ان کے مطابق بھارت کسی بھی معاملے میں جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ دوسری جانب بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے بھی کہا کہ جیسوال کو فرنینڈو کے اتنے قریب نہیں جانا چاہیے تھا تاہم میدان میں ایسے واقعات پیش آجاتے ہیں۔
دو روزہ میکے ٹیسٹ میں بننے والے منفرد ریکارڈز
2026-08-24
آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان میکے میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ مختصر ترین ٹیسٹ میچز میں شامل ہوگیا۔ میکے میں کھیلا گیا میچ صرف 750 گیندوں میں مکمل ہوا جو مکمل ہونے والے مردوں کے ٹیسٹ میچز میں چوتھا مختصر ترین مقابلہ ہے جبکہ آسٹریلیا میں یہ دوسرا مختصر ترین ٹیسٹ ثابت ہوا۔ یہ آسٹریلیا میں گزشتہ سات ٹیسٹ میچز کے دوران تیسرا مقابلہ ہے جو صرف دو دن میں ختم ہوا۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر صرف 369 رنز بنائے جو مکمل ٹیسٹ میچز میں چھٹا کم ترین مجموعہ اور آسٹریلیا میں دوسرا کم ترین مجموعہ ہے۔بنگلادیش کی ٹیم دونوں اننگز میں 100 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی۔ پہلی اننگز میں 64 اور دوسری میں 95 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوئی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 21 سال بعد پہلا موقع ہے جب کوئی ٹیم دونوں اننگز میں 100 رنز سے کم پر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے برعکس آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 210 رنز بنائے اور اس کم مجموعے کے باوجود اننگز سے کامیابی حاصل کی۔ یہ چوتھا کم ترین مجموعہ ہے جس پر مخالف ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی۔ میچ کے ہیرو مچل اسٹارک رہے جنہوں نے صرف 109 گیندوں میں 10 وکٹیں حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کی۔ یہ آسٹریلیا کی جانب سے کسی بھی بولر کا تیز ترین 10 وکٹوں کا کارنامہ ہے۔ اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی مرتبہ ایک میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں اور اب وہ صرف ڈینس للی سے پیچھے ہیں جنہوں نے 7 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بنگلادیش کے فاسٹ بولر شورف الاسلام نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 48 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں سات وکٹیں لینے والے پہلے بنگلادیشی فاسٹ بولر بن گئے جبکہ یہ کسی بھی بنگلادیشی بولر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا بہترین بولنگ فیگر ہے۔ شورف الاسلام 140 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
پاکستان کو ویمنز ایشیا کپ سے قبل دھچکا، نجیہہ علوی انجری کے باعث باہر
2026-08-24
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر نجیہہ علوی گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر ہوگئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نجیہہ نے بائیں گھٹنے کے پچھلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی۔ اسکینز میں ممکنہ انجری کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے انہیں بحالی کے پروگرام پر ڈال دیا ہے۔ ان کی صحتیابی میں تقریباً چار ہفتے لگنے کا امکان ہے۔ نجیہہ علوی کی جگہ صدف شمس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ صدف شمس دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتی ہیں اور اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔ اگرچہ انہوں نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2024 میں کھیلا تھاتاہم رواں سال ون ڈے کرکٹ میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ وہ 9 اننگز میں 488 رنز بناچکی ہیں جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں ہوگا۔ پاکستان یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف مہم شروع کرے گا۔
بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، تین اہم کھلاڑی باہر
2026-08-20
سری لنکا کو بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تجربہ کار بلے باز کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل میچ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاتھم نسانکا کی شرکت بھی مشکوک ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے کولمبو میں شروع ہوگا اور سری لنکا کو دو میچوں کی سیریز میں پہلے ہی 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے۔ کوشال مینڈس لنکا پریمیئر لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکے۔ ان کی جگہ نیروشن ڈکویلا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا جنہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 80 رنز بنائے تھے اس لیے ان کی ٹیم میں جگہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دنیش چندیمل کو پہلے ٹیسٹ میں کنکشن کے باعث میدان سے باہر ہونا پڑا تھا۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایسے کھلاڑی سات دن تک اگلے میچ میں شرکت نہیں کرسکتے لہٰذا وہ دوسرے ٹیسٹ سے خود بخود باہر ہوگئے۔ ادھر پاتھم نسانکا جون میں کلائی کی سرجری کے بعد مکمل فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم بیٹنگ کے دوران انہیں اب بھی تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ سری لنکن کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا اچھا موقع ہے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ: برطانوی گلوکارہ نے پاکستانی قومی ترانہ گا کر دل جیت لیے
2026-08-20
انگلش سوپرانو گلوکارہ لورا رائٹ نے بدھ کو ہیڈنگلے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ پیش کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔ لورا رائٹ نے بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں پاکستان کا قومی ترانہ گایا جس پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔ ہ دن انگلینڈ کے لیے بھی یادگار ثابت ہوا جہاں جو روٹ نے مستقل ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ انگلش بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو پہلی اننگز میں صرف 171 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے۔ انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 59 رنز درکار ہیں۔
پی ایس ایل اونرز کے گلے شکوے
2026-08-17
یہ اپارٹمنٹ تو بہت اچھا ہے، تمام سہولتیں بھی موجود ہیں لیکن کرایہ بہت زیادہ ہے، پھر جتنے عرصے بھی رہ لیں کرایہ کار ہی کہلائیں گے مالکانہ حقوق تو نہیں مل سکتے، ہاں آپ اسے مختلف سرگرمیوں میں استعمال کر کے کچھ رقم کما سکتے ہیں،البتہ اس سے کرائے والی رقم بھی پوری نہیں ہو گی، بلڈنگ میں بڑے بڑے لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، ان سے ملاقاتیں ہوں گی، آپ مشہور بھی ہو جائیں گے، اگر اچھی حکمت عملی بنائی تو شاید مستقبل میں آمدنی بھی ہونے لگے لیکن فوری طور پر تو کروڑوں کا نقصان ہی اٹھانا پڑے گا۔ اگر کسی بزنس مین کو کوئی پہلے ہی یہ تصویر دکھا دے تو کیا وہ ایسے پروجیکٹ پر سرمایہ کاری کرے گا؟ شاید بیشتر انکار ہی کر دیں لیکن جانتے بوجھتے ہوئے کوئی اس میں شامل ہو اور صبر کیے بغیر منافع نہ ہونے کا شکوہ کرنے لگے تو قصوروار وہی کہلائے گا۔ پی ایس ایل میں بھی ایسا ہی ہے، علی ترین چلاتے رہے کہ مجھے نقصان ہو رہا ہے اور پھر سخت باتوں کی وجہ سے ملتان سلطانز فرنچائز ہاتھ سے نکل گئی، ان سے پہلے والے اونرز بھی نقصان کا رونا رو کر چلے گئے تھے، ترینز نے ان سے سبق نہ لیا اور مزید زیادہ قیمت پر فرنچائز خرید لی، چونکہ اپنا کوئی فنانشل ماڈل نہ تھا لہذا جب تک عالمگیر صاحب حیات تھے سب چلتا رہا جیسے ہی ان کا انتقال ہوا اور علی اونر بنے تو انہیں اکائونٹس دیکھ کر اندازہ ہو گیا کہ یہ تو بہت گھاٹے کا سودا ہے۔ جب وہ بھی چلے گئے اور 2 سابقہ مثالیں موجود تھیں اس کے باوجود گوہر شاہ نے مزید زیادہ رقم دے کر ایک ٹیم خرید لی اور اسے ملتان سلطانز کا ہی نام دے دیا، اب چند ماہ بعد ہی وہ بھی میڈیا میں نقصانات کی بات کر رہے ہیں، ایسا ہو گا یہ ایک بچہ بھی جانتا تھا لیکن چونکہ پہلے چمک زیادہ تھی لہذا آنکھیں بند ہو گئیں، اب کھلیں تو معاملات کا اندازہ ہو رہا ہے۔ پی ایس ایل کی رونق سال میں 2 ماہ ہی رہتی ہے، اونرز سیلیبریٹیز بن جاتے ہیں، میچ میں ٹی وی کیمرہ بھی ان پر ہوتا ہے، میڈیا میں خوب انٹرویوز چل رہے ہوتے ہیں، بڑے بڑے کرکٹرز و دیگر اہم شخصیات ساتھ ہوتی ہیں لیکن باقی کے دس ماہ تو پی سی بی بھی نہیں پوچھتا۔ او جیز (پرانے مالکان) کو تو ان معاملات کا اندازہ ہے دیگر کو اب ہوا ہو گا، اگر وہ پریشان ہیں تو اس میں غلطی انہی کی ہے کہ جوش میں آکر کیوں ایسی بڈ کی، جب خود جانتے بوجھتے ہوئے ٹیم خریدی تو انتظار کریں، کوئی پودا لگائیں تو وہ چند ماہ میں ہی پھل نہیں دیتا ہے اس میں وقت لگتا ہے،گوہر شاہ کو جب شروع میں ٹیم نہیں ملی تو ان کے آنسو سب نے دیکھے، بعد میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مالک بننے کی بھی کوشش ہوئی، پھر قسمت نے انہیں موقع دیا کہ ایک پارٹی مالی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکی تو اس کی جگہ ٹیم مل گئی، جب خواب پورا ہو گیا اور آنکھ کھلی تو میڈیا میں آکر باتیں کرنا مناسب نہیں۔ سب کو پی ایس ایل کے فنانشل ماڈل کا علم ہے، کسی کی فیس چاہے ایک لاکھ ہو یا ایک کروڑ بورڈ سینٹرل پول کی رقم یکساں تقسیم کرتا ہے، نئی مہنگی ٹیمیں بھی سب جانتی تھیں لہذا اب انتظار کریں، فواد سرور کو تو کوئی فرق نہیں پڑنا، ان کے پاس بہت پیسہ ہے، ان کی اگرناراضی ہوئی بھی تو آمدنی پر نہیں بلکہ کرکٹنگ یا اہمیت نہ دینے جیسے معاملات پر ہوگی۔ حیدرآباد کنگزمین بڑی پارٹی ہے لیکن دیگر کو مسائل ہونے لگے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کم قیمت والی پرانی فرنچائز بھی یہی کہتی ہیں کہ نقصان میں ہیں تو نئی کی کیا بات کریں، اس کے باوجود اگر آپ کل مزید ٹیموں کی نیلامی کریں تو کئی نئے لوگ اربوں روپے میں انہیں خرید لیں گے لیکن پھر آپ کو تگڑی پارٹیز لانا ہوں گی۔ پی ایس ایل سے اور بھی تو کئی فوائد ہیں، آپ اپنے دیگر بزنسز کو بڑھا سکتے ہیں، ٹیکس معاملات میں بھی ” فوائد“ ملتے ہوں گے، دراصل کاغذ پر لیگ نفع میں ہے لیکن اصل فائدہ بورڈ کا ہی ہے، تمام فرنچائز بھاری فیس ادا کرتی ہیں، بغیر کسی اپنی سرمایہ کاری کے بڑا ٹورنامنٹ ہو جاتا ہے، دو سال سے بعض اسٹیک ہولڈرز کبھی جنگ تو کبھی کوئی اور بہانہ بنا کر ادائیگی نہیں کر رہے جس سے فرنچائزز کو پیسہ نہیں مل رہا اور وہ پریشان ہیں۔ چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کے معاملات الگ کرتے ہوئے دیگر آفیشلز کو فری ہینڈ دیا لیکن وہ لوگ ڈیلور نہیں کر سکے، زیادہ کھل کر بات نہیں کروں گا لیکن بڑے سنگین مسائل ہیں جنہیں جلد حل کرنا پڑے گا، بعض پی ایس ایل آفیشلز نے ذاتی تشہیر کو ترجیح دی، اپنا پروفائل بہتر بنایا، سوشل میڈیا پر ہیرو بنے، وہ خود کو سیلیبریٹی سمجھنے لگے اور اب انڈور سمینٹ تک کی ویڈیوز بھی بناتے ہیں، کاش یہ لوگ چیئرمین کی جانب سے دی گئی پاور کا درست استعمال کر لیتے۔ گزشتہ سال جو مسئلہ سامنے آیا وہی اب بھی درپیش ہے، پہلے اسے حل کریں اور پھر اگلے سال کیا ہو گا اس کا سوچیں، پی ایس ایل اب بھی ہمارے ملک کی سب سے بڑی برانڈ ہے، اسے کامیاب بنانے کیلیے اقدامات کریں، اس سے اچھا ماحول کب ملے گا جب میڈیا نہ ہی سابق کرکٹرز کچھ کہتے ہیں، اب تو ڈیلیور کریں، اونرز کو بھی چاہیے کہ اگر آپ نقصانات برداشت نہیں کر پا رہے تو پی سی بی کو بتائیں اور ٹیم چھوڑ دیں بہت سے لوگ اب بھی لائن میں لگے ہیں، غیرملکی میڈیا میں آکر لیگ کو بدنام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، کسی کو زبردستی فرنچائز نہیں دی گئی سب نے اپنی مرضی سے بھاری رقوم دے کر انہیں خریدا، ایک طرف “ کرکٹ سے محبت کے دعوے“ ساتھ ”سفر کو جاری نہ رکھ پانے اور دیوالیہ ہونے کے خدشات“، یہ باتیں سمجھ نہیں آ رہیں۔ آپ اب اس وقت کا انتظار کریں جب خوب منافع ہو یا پھر اپنے برانڈ کو اتنا مضبوط بنائیں کہ وہ اسپانسر شپ و دیگر سرگرمیوں سے ہی پروفٹ میں چلی جائے، محض گلے شکوے کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا اعلان سامنے آگیا
2026-08-17
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے عندیہ دیا ہے کہ موجودہ سیزن ان کے شاندار کیریئر کا آخری سیزن ثابت ہوسکتا ہے۔ رونالڈو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ ممکنہ طور پر فٹبال میں ان کا آخری سال ہے اور وہ کھیل کو ایک یادگار ورثے کے ساتھ الوداع کہنا چاہتے ہیں۔ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں لیگ ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ وہ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ پرتگالی کپتان گزشتہ تقریباً چار برس سے سعودی کلب النصر کا حصہ ہیں اور ان کے معاہدے میں ابھی ایک سال باقی ہے۔ رونالڈو نے کہا کہ فٹبال سے دوری کے بعد وہ سفر، خاندان اور پیڈل جیسے کھیلوں میں وقت گزارنے سمیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ 41 سالہ رونالڈو نے چند روز قبل ہی میں اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کی ہے جن سے ان کے پانچ بچے بھی ہیں۔ رونالڈو اپنے کیریئر کے 1000 گول مکمل کرنے سے صرف 24 گول دور ہیں۔ دوسری جانب ان کے دیرینہ حریف لیونل میسی بھی اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی کا اظہار کرچکے ہیں۔
