فٹبال ورلڈ کپ: تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کی فرانس کو شکست

2026-07-19
فٹبال ورلڈکپ میں تیسری پوزیشن کے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے ہرادیا۔ میامی میں میگا ایونٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلش ٹیم کپتان ہیری کین سمیت 7 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اُتری۔ کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی جارحانہ موڈ میں دکھائی دی، تیسرے ہی منٹ میں اُن کے کھلاڑی ڈیکلن رائس نے گول داغ کر فرانس کے کھلاڑیوں کی گویا ہمت توڑ دی۔ خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی کھلاڑیوں نے کچھ حملے تو کئے مگر انگلش گول کیپر انتہائی چُست دکھائی دیئے، گیند کو جال میں جانے نہ دیا۔ دوسری جانب انگلش کھلاڑیوں نے سیمی فائنل والی غلطی نہیں دہرائی اور سبقت حاصل کرنے کے بعد دفاعی کھیل کے بجائے جارحانہ حکمت عملی اپنائی جس کا نتیجہ اُنہیں اس ہاف میں مزید تین گول کی صورت میں ملا۔ کونسا نے 18ویں منٹ میں جبکہ ساکا نے 37ویں اور انجری ٹائم میں گول کرکے انگلش ٹیم کی برتری چار صفر کردی۔ دوسرے ہاف میں فرانس کی ٹیم بالکل بدلی ہوئی دکھائی دی، ایم باپے نے اسکورنگ کا آغاز کیا پھر بارکولا نے گول بنایا، پھر ایم باپے نے ٹیم کے لیے تیسرا گول اسکور کیا۔ انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر ساکا نے گول کرکے اسکور پانچ تک کیا اور اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی جبکہ فرانس کی جانب سے چوتھا گول دیمبیلے نے بنایا۔ انگلینڈ کی جانب سے چھٹا گول بیلہنگم نے بالکل آخری لمحات میں بنایا، یوں انگلینڈ نے چار کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ بھی ہے۔
پاکستان لارڈز میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے بےتاب
2026-08-27
ہم کوشش کریں گے کہ لارڈز میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھا جائے تو شکست یقینی نظر آتی ہے لیکن 8 سال بعد لندن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی قومی ٹیم کو ماضی کی کامیابیاں کچھ حوصلہ ضرور دیں گی۔ پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ میں اس دوران کوئی سیریز تو نہیں جیت سکی لیکن لندن کے میدانوں میں کھیلے گئے آخری تینوں ٹیسٹ میچز میں با آسانی فاتح رہی ہے جن میں سے 2 لارڈز اور ایک اوول میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز اور اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں 2018 میں ہونے والے لارڈز ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں محمد عباس 8 شکار کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔ یوں پاکستان کو لارڈز میں کھیلے گئے آخری دو ٹیسٹ میچز میں فتح حاصل ہے اور قومی ٹیم اب اس میدان پر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنا چاہتی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 2018 میں قومی ٹیم کو فتح دلوانے والے کپتان سرفراز احمد موجودہ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں جن میں سے 10 فتوحات لندن کے لارڈز یا اوول کے میدان میں ہی ملیں۔
لارڈز ٹیسٹ: بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار
2026-08-27
لندن میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز ٹیسٹ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ لندن میں دن بھر کیلیے خراب موسم کی پیشگوئی سامنے آ چکی، البتہ منتظمین کو امید ہے کہ پہلے دن کھیل کسی موقع پر شروع ہو گا۔ اس وقت پچ اور ادرگرد کے ایریا پر کورز موجود ہیں، ایک دن قبل تک پچ پر گھاس تھی اس لیے ٹیم مینجمنٹ چار پیسرز یا پھر تین فاسٹ بولرز اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنے پر غور کر رہی تھی، بارش رکنے پر دوبارہ پچ دیکھنے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔ امام الحق اور اذان اویس پر مشتمل اوپننگ پیئر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کپتان بابر اعظم کیلیے سعود شکیل یا سلمان علی آغا میں سے کسی کو جگہ خالی کرنا پڑ سکتی ہے۔
میراڈونا کے ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول والی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام
2026-08-25
ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوگئی۔ یہ تاریخی لمحہ 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل میں پیش آیا تھا، جب میراڈونا نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کو چکمہ دیتے ہوئے ہاتھ سے گیند جال میں پہنچائی۔ اسی میچ میں میراڈونا نے شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر دوسرا گول کیا جسے بعد میں ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا۔ امریکی ادارے ہیریٹیج آکشنز میں فروخت ہونے والی گیند کی قیمت 3.3 ملین ڈالر رہی حالانکہ اس کے 10 ملین ڈالر تک جانے کی توقع تھی۔ میچ کے ریفری علی بن ناصر نے گیند کئی دہائیوں تک محفوظ رکھی تھی۔
کولمبو ٹیسٹ: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے جاپانی مداح نے سب کی توجہ حاصل کرلی
2026-08-25
بھارت اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایک جاپانی کرکٹ مداح نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ سنہالیز اسپورٹس کلب میں موجود مداح سری لنکن ٹیم کی شرٹ پہنے میچ میں خاصی دلچسپی لیتا دکھائی دیا جس نے کرکٹ کی روایتی ممالک سے باہر بڑھتی مقبولیت کو اجاگر کیا۔ جاپانی مداح نے کہا کہ وہ میچ دیکھ کر بہت پرجوش ہیں اور ان کے خیال میں بھارت اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہے تاہم سری لنکا کم بیک کرسکتا ہے۔ جاپان میں روایتی طور پر بیس بال اور فٹبال زیادہ مقبول ہیں لیکن حالیہ برسوں میں کرکٹ کا کھیل بھی وہاں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ جاپان نے 2026 آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی حصہ لیا۔
لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ پر نفسیاتی برتری کیوں حاصل ہوگی؟
2026-08-25
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے باجود لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔ پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھا جائے تو شکست یقینی نظر آتی ہے لیکن 8 سال بعد لندن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی قومی ٹیم کو ماضی کی کامیابیاں کچھ حوصلہ ضرور دیں گی۔ پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ میں سیریز تو نہیں جیت سکی لیکن لندن کے لارڈز اور اوول کے میدانوں میں کھیلے گئے آخری تینوں ٹیسٹ میچز میں با آسانی فاتح رہی ہے۔ دوسری جانب پہلے میچ میں عبرتناک شکست کے بعد پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کپتان بابر اعظم انجری سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جبکہ محمد رضوان کو بھی باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز اور اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں 2018 میں ہونے والے لارڈز ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں محمد عباس 8 شکار کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔ پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں جن میں سے 10 فتوحات لندن کے لارڈز یا اوول کے میدان میں ملیں۔
اسیتھا فرنینڈو سے تلخ کلامی کیوں ہوئی؟ جیسوال نے خاموشی توڑ دی
2026-08-24
بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کے ساتھ میدان میں ہونے والی تلخ کلامی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اظہار کردیا۔ کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز جیسوال اور فرنینڈو کے درمیان اس وقت گرما گرمی ہوئی جب بھارتی بیٹر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیسوال نے آؤٹ ہونے سے قبل فرنینڈو کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے تھے۔ پویلین واپس جاتے ہوئے فرنینڈو کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے اشارے پر جیسوال واپس مڑے اور دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آگئے۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب جیسوال کا ہیلمٹ فرنینڈو کے ماتھے سے چھوتا دکھائی دیا۔ تاہم سری لنکن کپتان دھننجایا ڈی سلوا اور دیگر کھلاڑیوں نے مداخلت کرکے معاملہ ختم کرادیا۔ بعدازاں ایک سوشل میڈیا ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ اگر کسی کو یہ معلوم نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کیا بات ہوئی تو اسے واقعے پر فوری فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔ ان کے مطابق بھارت کسی بھی معاملے میں جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ دوسری جانب بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے بھی کہا کہ جیسوال کو فرنینڈو کے اتنے قریب نہیں جانا چاہیے تھا تاہم میدان میں ایسے واقعات پیش آجاتے ہیں۔
دو روزہ میکے ٹیسٹ میں بننے والے منفرد ریکارڈز
2026-08-24
آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان میکے میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ مختصر ترین ٹیسٹ میچز میں شامل ہوگیا۔ میکے میں کھیلا گیا میچ صرف 750 گیندوں میں مکمل ہوا جو مکمل ہونے والے مردوں کے ٹیسٹ میچز میں چوتھا مختصر ترین مقابلہ ہے جبکہ آسٹریلیا میں یہ دوسرا مختصر ترین ٹیسٹ ثابت ہوا۔ یہ آسٹریلیا میں گزشتہ سات ٹیسٹ میچز کے دوران تیسرا مقابلہ ہے جو صرف دو دن میں ختم ہوا۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر صرف 369 رنز بنائے جو مکمل ٹیسٹ میچز میں چھٹا کم ترین مجموعہ اور آسٹریلیا میں دوسرا کم ترین مجموعہ ہے۔بنگلادیش کی ٹیم دونوں اننگز میں 100 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی۔ پہلی اننگز میں 64 اور دوسری میں 95 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوئی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 21 سال بعد پہلا موقع ہے جب کوئی ٹیم دونوں اننگز میں 100 رنز سے کم پر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے برعکس آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 210 رنز بنائے اور اس کم مجموعے کے باوجود اننگز سے کامیابی حاصل کی۔ یہ چوتھا کم ترین مجموعہ ہے جس پر مخالف ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی۔ میچ کے ہیرو مچل اسٹارک رہے جنہوں نے صرف 109 گیندوں میں 10 وکٹیں حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کی۔ یہ آسٹریلیا کی جانب سے کسی بھی بولر کا تیز ترین 10 وکٹوں کا کارنامہ ہے۔ اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی مرتبہ ایک میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں اور اب وہ صرف ڈینس للی سے پیچھے ہیں جنہوں نے 7 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بنگلادیش کے فاسٹ بولر شورف الاسلام نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 48 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں سات وکٹیں لینے والے پہلے بنگلادیشی فاسٹ بولر بن گئے جبکہ یہ کسی بھی بنگلادیشی بولر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا بہترین بولنگ فیگر ہے۔ شورف الاسلام 140 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
پاکستان کو ویمنز ایشیا کپ سے قبل دھچکا، نجیہہ علوی انجری کے باعث باہر
2026-08-24
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر نجیہہ علوی گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر ہوگئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نجیہہ نے بائیں گھٹنے کے پچھلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی۔ اسکینز میں ممکنہ انجری کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے انہیں بحالی کے پروگرام پر ڈال دیا ہے۔ ان کی صحتیابی میں تقریباً چار ہفتے لگنے کا امکان ہے۔ نجیہہ علوی کی جگہ صدف شمس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ صدف شمس دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتی ہیں اور اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔ اگرچہ انہوں نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2024 میں کھیلا تھاتاہم رواں سال ون ڈے کرکٹ میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ وہ 9 اننگز میں 488 رنز بناچکی ہیں جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں ہوگا۔ پاکستان یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف مہم شروع کرے گا۔
بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، تین اہم کھلاڑی باہر
2026-08-20
سری لنکا کو بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تجربہ کار بلے باز کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل میچ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاتھم نسانکا کی شرکت بھی مشکوک ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے کولمبو میں شروع ہوگا اور سری لنکا کو دو میچوں کی سیریز میں پہلے ہی 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے۔ کوشال مینڈس لنکا پریمیئر لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکے۔ ان کی جگہ نیروشن ڈکویلا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا جنہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 80 رنز بنائے تھے اس لیے ان کی ٹیم میں جگہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دنیش چندیمل کو پہلے ٹیسٹ میں کنکشن کے باعث میدان سے باہر ہونا پڑا تھا۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایسے کھلاڑی سات دن تک اگلے میچ میں شرکت نہیں کرسکتے لہٰذا وہ دوسرے ٹیسٹ سے خود بخود باہر ہوگئے۔ ادھر پاتھم نسانکا جون میں کلائی کی سرجری کے بعد مکمل فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم بیٹنگ کے دوران انہیں اب بھی تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ سری لنکن کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا اچھا موقع ہے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ: برطانوی گلوکارہ نے پاکستانی قومی ترانہ گا کر دل جیت لیے
2026-08-20
انگلش سوپرانو گلوکارہ لورا رائٹ نے بدھ کو ہیڈنگلے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ پیش کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔ لورا رائٹ نے بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں پاکستان کا قومی ترانہ گایا جس پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔ ہ دن انگلینڈ کے لیے بھی یادگار ثابت ہوا جہاں جو روٹ نے مستقل ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ انگلش بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو پہلی اننگز میں صرف 171 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے۔ انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 59 رنز درکار ہیں۔
