ایران جنگ میں شہریوں

2026-03-28
جی سیون ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران جنگ میں شہریوں اور بنیادی ڈھانچوں پر حملوں کو فوری روکا جائے۔ جی سیون ملکوں کے وزرائے خارجہ کے پیرس میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، برازیل، جنوبی کوریا، بھارت اور یوکرین بھی شریک ہوئے۔ جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں علاقائی شراکت داروں، شہری آبادیوں اور اہم انفرا اسٹرکچر پر تنازع کے اثرات کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ جی سیون ممالک نے کہا کہ ایران جنگ میں شہریوں اور بنیادی ڈھانچوں پر حملوں کو فوری روکا جائے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی محفوظ اور ٹول فری آزادی کو بحال کرنے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ملائیشیا ، سرکاری ملازمین
2026-04-02
ملائیشیا کی حکومت نے سرکاری ملازمین کو 15 اپریل سے گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیر اعظم انور ابراہیم کے مطابق 15 اپریل سے تمام سرکاری ملازمین گھروں سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے توانائی کے شعبے پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال کو کم کرنا اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے تاکہ ملک کو ممکنہ توانائی بحران سے بچایا جا سکے۔
ٹرمپ کا ایران پر مزید حملوں
2026-04-02
امریکی صدر ٹرمپ کے ایران پر حملے بڑھانے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی کا رجحان ہے۔ جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے اور ابتدا میں ہی 100 انڈیکس 3763 پوائنٹس کم ہوکر 151748 پر چلا گیا۔ کاروبار کے دوران مارکیٹ میں مزید منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس 4088 پوائنٹس کم ہوکر 151423 پر چلا گیا۔ پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 2.63 فیصد کم ہوا ہے۔
اسرائیل کے ایران پر
2026-04-02
اسرائیلی فوج نے رات گئے ایران پر شدید حملے کیے جس کے نتیجے میں سپریم لیڈر کے مشیر اور سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخمی ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ شہید ہوگئیں۔ اسرائیلی فوج نے تہران میں کمال خرازی کے گھر پر حملہ کیا، سرکاری انفرا اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ڈاکٹر خرازی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایران اور حزب اللہ نے جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے، دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف علاقوں میں میزائل گرنے سے مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خطرے کے سائرن سن کر بنکرز کی طرف دوڑنے والے 6 اسرائیلی آباد کار بھگدڑ میں زخمی ہوگئے جبکہ ایک ہلاک ہوگیا ، بنکرز کو بھی نقصان پہنچا ۔ دوسری جانب امریکی اخبار نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اے 10 لڑاکا طیاروں کے بیڑے کو دُگنا کر رہا ہے۔
یو اے ای میں ایرانیوں کے
2026-04-02
اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں ایرانیوں کی رہائشی اسٹیٹس سے متعلق دعویٰ درست نہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی ائیرلائن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایرانیوں کو انٹری اورٹرانزٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک اور اماراتی ائیرلائن کا کہنا تھا کہ گولڈن ویزا کے حامل ایرانی اس پابندی سےمستثنیٰ ہوں گے۔ تاہم اب اماراتی وزارت خارجہ کا واضح بیان سامنے آیا ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہےکہ عرب امارت میں ایرانیوں کی رہائشی اسٹیٹس سے متعلق دعویٰ درست نہیں، امارات ایرانی کمیونٹی کو متنوع سماجی ڈھانچے کا لازمی حصہ سمجھتاہے۔
لندن: یہودی کمیونٹی
2026-04-02
لندن میں یہودی کمیونٹی کی ایمبولینسوں کو آگ لگانے کے الزام میں مزید 3 افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق17 سے 20 سال کے افراد مختلف مقامات سے گرفتار کیے گئے۔ میٹ پولیس کے مطابق 23 مارچ کو پیش آئے واقعہ کے دوملزمان گرفتاری کے بعد ضمانت پر ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الزام کی بنیاد پر کچھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
ایران کی نئی رجیم کے
2026-04-02
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی رجیم کے صدرپہلے والوں سے کہیں کم شدت پسند اور کہیں زیادہ ذہین ہیں ، ہم جنگ بندی کی درخواست پر غور کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ درخواست پر تب غور کریں گے جب آبنائے ہرمز کھلی اور مکمل طور پر محفوظ ہو جائے گی، تب تک ایران پر حملےجاری رہیں گے، اسے پتھر کے زمانے میں دھکیل دیں گے۔ ٹرمپ کا برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایران میں حکومت کی مکمل تبدیلی کر دی ہے، ایران سے بہت جلد نکل جائیں گے لیکن ٹائم لائن نہیں دے سکتے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں ہمارے ابھی کچھ اہداف باقی ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم واپس آ کر ان اہداف پر حملے کریں گے۔ امریکی صدر نے کہاکہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا نہ ہی جوہری ہتھیار حاصل کرنا چاہے گا، جوہری مواد کے بارے میں پریشان نہیں، اس کی سیٹلائٹ سے نگرانی کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج کی تقریر میں نیٹو کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کروں گا، امریکا کو نیٹو سے نکالنے پر غور کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران میں رجیم چینج پہلے ہی ہوچکی ہے لیکن رجیم چینج امریکاکا مقصد نہیں تھا بلکہ فوجی کارروائی کا اصل مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا اور یہ ہدف حاصل کر لیاگیا ہے۔
دشمن کے سامنے کبھی
2026-04-02
امریکا کی دھمکیوں پر ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا سخت رد عمل سامنے آگیا۔ ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نےکہا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج اپنے ملک پر حملہ کرنے والوں کے پاؤں کاٹ دیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ ایران نےکبھی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کی باتوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ ایرانی قوم کے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز نہیں کھولا جائے گا۔ ادھر ایرانی پارلیمانی نیشنل سکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا خطے میں میری ٹائم رجیم تبدیلی کی صورت میں ٹرمپ کا رجیم چینج کا خواب پورا ہوچکا ہے۔ ابراہیم عزیزی ٹرمپ کو مخاطب کرکے بولے آبنائے ہرمز یقینی طور پر دوبارہ کھلے گی لیکن آپ کے لیے نہیں۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کو آبنائے ہرمز کھولنے سے مشروط کردیا، دھمکی دی کہ جب تک آبنائے ہرمز نہیں کھلتی تب تک ہم ایران کو مکمل تباہ کردیں گے۔
امارات امریکا اور اتحادیوں
2026-04-02
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ایران کے حملوں کے بعد امریکا اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کو طاقت کے ذریعے کھلوانے کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کے لیے لابنگ کر رہا ہے جس کے تحت اس کارروائی کی اجازت حاصل کی جاسکے۔ اماراتی سفارتکاروں نے امریکا اور یورپ و ایشیا کی عسکری طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک مشترکہ اتحاد قائم کریں جو طاقت کے ذریعے آبنائے ہرمز کو کھول سکے۔ یو اے ای کے ایک عہدیدار نے کہا کہ امارات نے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں مدد کے لیے اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لیا ہے جس میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور دیگر معاون خدمات شامل ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یو اے ای نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکا کو اس اہم آبی گزرگاہ میں واقع بعض جزائر، بشمول ابو موسیٰ جزیرے پر قبضہ کرنا چاہیے جو گزشتہ نصف صدی سے ایران کے کنٹرول میں ہے جبکہ امارات بھی اس پر دعویٰ کرتا ہے۔ عرب حکام کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک بھی اب ایرانی حکومت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جنگ اس وقت تک جاری رہے جب تک ایران کو کمزور یا اس کی حکومت کو ختم نہ کر دیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق بحرین جو امریکا کا قریبی اتحادی ہے اور جہاں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کا ہیڈ کوارٹر ہے اس قرارداد کی تیاری کر رہا ہے اور اس پر ووٹنگ جمعرات کو متوقع ہے۔ خلیجی حکام کے مطابق یو اے ای کا یہ نیا جارحانہ مؤقف اس کی حکمت عملی میں ایک بنیادی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ جنگ سے قبل اماراتی سفارتکار امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں مصروف تھے، انہی کوششوں کے تحت ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سابق سیکرٹری علی لاریجانی نے ابوظبی کا دورہ بھی کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اب یو اے ای اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مؤقف کے قریب آ رہا ہے جس میں اتحادی ممالک سے جنگ کا زیادہ سے زیادہ بوجھ اٹھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ اپنے مشیروں سے کہہ چکے ہیں کہ وہ آبنائے ہرمز کھلوائے بغیر بھی جنگ ختم کرنے پر آمادہ ہیں اور اس معاملے کو دیگر ممالک پر چھوڑ سکتے ہیں۔ خلیجی حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای کو یقین ہے کہ ایشیا اور یورپ کے وہ ممالک جو اس وقت ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کی صورت میں اس کارروائی میں شامل ہو جائیں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ روس اور چین اس قرارداد کو ویٹو کر سکتے ہیں جبکہ فرانس ایک متبادل مسودہ پیش کر رہا ہے تاہم اگر قرارداد منظور نہ بھی ہو تو بھی یو اے ای آبنائے ہرمز کو کھلوانے کی کسی بھی کوشش میں شامل ہونے کے لیے تیار رہے گا۔
ایران نے پاکستان اور
2026-04-02
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے امریکی پیغامات موصول ہونےکی تصدیق کردی۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایک بار پھر امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تردید کردی اور واضح کیا کہ پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے پیغامات موصول ہوئے ہیں، امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔ برطانوی خبر ایجنسی نے سینئر ایرانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ثالثوں نےمنگل کوایران سےرابطہ کیا اور سفارتکاری جاری رکھنےپرگفتگو کی تاہم عارضی جنگ بندی کےلیےثالثوں کے ذریعےکوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ اس سے قبل برطانوی خبر رساں ایجنسی نے کہا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران تنازع پر گزشتہ روز پاکستانی ثالث کاروں سے بات کی۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی نائب صدر نے ثالثوں کے ذریعے ایران کو امریکی صدر کا سخت پیغام بھجوایا ہے۔ خبر ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیغام بھیجا تھا کہ وہ کچھ امریکی مطالبات پورے ہونے پر جنگ بندی پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں ، ان مطالبات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔ ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت جنگ کےخاتمےکےلیے سنجیدہ مذاکرات میں شامل ہونےکو تیار نہیں۔
کیا ثالث امریکا کی
2026-04-02
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران سے مذاکرات کی امریکی خواہش پر سوالات اٹھا دیے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات کی نیت ہے تو خطے میں فوجی کارروائیاں کیوں جاری ہیں؟ کیا مذاکرات کا نیا موقع دوبارہ حملے کی تیاری کے لیے وقفہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایران پرانا فارمولا حملہ، جنگ بندی، مذاکرات، پھر حملہ مزید قبول نہیں کرے گا، کیا کوئی یقین دہانی ہے یہ سلسلہ دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا؟ کیا ثالث امریکا کی ضمانتوں پر اعتماد کر سکتے ہیں؟ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غور کرے کہ بار بار وعدہ خلافی کون کررہا ہے ؟ آخر کیوں معاہدے ٹوٹتے ہیں؟ کیا یہ حکمت عملی ہے یا اعتماد کا بحران؟
