ڈیل کا وقت گزر رہا ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جلد مذاکرات کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ ڈیل کا وقت گزر رہا ہے۔
ٹرتھ سوشل پر ٹرمپ نے لکھا کہ ایرانی مذاکرات کار بہت مختلف اور عجیب ہیں، وہ مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں، انہیں ایسا کرنا بھی چاہیے کیوں کہ وہ فوجی طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور ان کی واپسی کا کوئی امکان بھی نہیں ہے، لیکن پھر بھی وہ عوام میں کہہ رہے ہیں کہ ایران امریکی تجاویز کو صرف ’دیکھ‘ رہا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق یہ صحیح نہیں، ایران کو دیر ہونے سے پہلے سنجیدہ ہوجانا ہوگا، کیوں کہ جب وقت گزر گیا تو پھر کچھ نہیں ہوگا ، جو ہوگا وہ اچھا نہیں ہوگا۔
واشنگٹن میں اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی خوف زدہ ہیں، کوئی سپریم لیڈر بننےکو تیار نہیں، ایرانی لیڈر سےکہو کہ سپریم لیڈر بن جاؤ تو وہ شکریہ کے ساتھ انکار کردیتا ہے، ایران خود مجھ سے بات کرنا چاہتا ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران فوری ڈیل چاہتا ہے مگراندرونی خوف کے باعث کھل کر بات نہیں کر رہا، مشرق وسطیٰ میں ہماری کامیابی بے مثال ہے۔
ایک اور بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک نے ایران کے معاملے میں بالکل بھی مدد نہیں کی، ایران اب فوجی طور پر تباہ ہو چکا ہے، امریکا کو نیٹو سےکسی چیز کی ضرورت نہیں، نیٹو کی ضرورت نہیں لیکن امریکا اس اہم وقت کو کبھی نہیں بھولےگا۔
امریکی کابینہ ارکان سےگفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف نیٹو نے کچھ نہیں کیا، میں نے 25 سال پہلے بھی کہا تھا نیٹو کاغذی شیر ہے، جو آج ایران کے خلاف کیا ہے 47 سال پہلے ہونا چاہیے تھا، اگر جنگ بندی نہیں ہوئی تو ایران پر بے رحمی سے حملے کریں گے، ایران کو ایک معاہدہ کرنا ہوگا ورنہ ایران کو امریکی حملوں کا سامنا رہے گا، اگر ایران جوہری خواہشات سے دستبردار نہیں ہوا تو یہ جنگ ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگی، ایرانیوں کے پاس جنگ بندی کا موقع ہے، جو ہوگا دیکھا جائےگا۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




