شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا یہ چوتھا میزائل تجربہ ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے بتایا ہےکہ شمالی کوریا نے پیر کے روز اپنے مشرقی ساحل کے قریب سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے۔ ان میں سے ایک میزائل نے 900 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طےکیا۔ جاپان نے شمالی کوریا کے میزائل تجربےکی سخت مذمت کی ہے۔ جاپانی وزیردفاع کا کہنا ہے کہ بیجنگ میں جاپانی سفارت خانے کے ذریعے شمالی کوریا کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے دفتر نے میزائل تجربات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور شمالی کوریا سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ ایسی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔