لبنان کےجنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 31 افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیل حزب اللہ کے خلاف اپنے حملوں میں شدت لائے گا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 600 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے لیکن اب ضروری ہے کہ ہم حملوں میں اضافہ کریں اور ان کی شدت کو مزید بڑھائیں۔ نیتن یاہو کے اعلان کے بعد لبنان بھر میں حملوں کی نئی لہر شروع کر دی گئی۔ اسرائیل نے منگل کے روز لبنان کی وادی بیقاع پر تازہ حملے کیے جس سے زرد رنگ کے بادل فضا میں بلند ہوئے جو میلوں دور تک دکھائی دیے۔ روسی میڈیا کے مطابق پچھلے چند گھنٹوں میں اسرائیل نے لبنان پر 180حملے کیے ہیں جن میں 4 بچوں اور 3 خواتین سمیت کم سے کم 31 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔