داتا دربار توسیعی منصوبے پر کام ک

داتا دربار توسیعی منصوبے پر کام کے دوران عمارت کا ستون گرنے سے راہ گیر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیفٹی آفیسر اور کرین سٹاف سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں طاہر، حمزہ، مدثر، امیر معاویہ اور لقمان شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ داتا دربار میں درج ایف آئی آر کے متن میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا تعلق رحیم یار خان سے ہے اور وہ اپنے شوہر کے ہمراہ داتا دربار حاضری اور سلام پیش کرنے کے لیے لاہور آئی تھیں۔ایف آئی آر کے مطابق دونوں میاں بیوی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر، دربار ہوٹل کے سامنے نیاز تقسیم کر رہے تھے کہ اسی دوران اچانک کرین کے ذریعے اوپر سے دیوار (تعمیراتی ملبہ) گر گیا جو براہِ راست خاتون کے شوہر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔متاثرہ شخص کو فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مدعیہ نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ توسیعی منصوبے کے دوران شدید غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، اور مطالبہ کیا ہے کہ کرین آپریٹر، موقع پر موجود متعلقہ عملہ، ٹھیکیدار اور دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




