پی ایس ایل تاریخ کی مہنگی ترین ٹیم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے تاریخ کی مہنگی ترین ٹیم خریدنے کا اعزاز او زیڈ گروپ نے اپنے نام کر لیا ہے، جس نے سیالکوٹ کی فرنچائز کے مالکانہ حقوق 185 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے حاصل کیے۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی بولی کی تقریب میں مجموعی طور پر دو ٹیمیں، سیالکوٹ اور حیدرآباد، 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔ مجید چوہدری نہ صرف اس تقریب میں شریک ہوئے بلکہ پی ایس ایل کی 8ویں اور مجموعی طور پر مہنگی ترین ٹیم خرید کر تاریخ بھی رقم کی۔
مجید چوہدری کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ طویل عرصے تک آسٹریلیا میں مقیم رہے۔ انہوں نے دو سال قبل پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا، جس کے پیچھے ان کے بقول وطن سے محبت اور ملک کے لیے کچھ کرنے کی خواہش شامل ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتا رہا، اور کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جو پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے حصول کے لیے وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کام کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں جب لوگ ملک چھوڑنے کی بات کرتے ہیں، وہ اس کے برعکس پاکستان واپس آئے، کیونکہ وطن کی محبت انہیں کھینچ لائی۔
مجید چوہدری کے مطابق پی ایس ایل صرف ایک لیگ نہیں بلکہ پاکستان کی عالمی شناخت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی دوسری بڑی لیگ ہے اور لیگ کی اعلیٰ انتظامیہ کا وژن ہے کہ اسے دنیا کی نمبر ون لیگ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معیار برقرار رہا تو یہ ہدف جلد حاصل کیا جا سکتا ہے۔
2نئی ٹیموں کی شمولیت نے پی ایس ایل میں نئی روح پھونک دی ،وزیر اعظم
ٹیم کی تشکیل اور مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے مجید چوہدری نے واضح کیا کہ وہ غیر ملکی مینٹورز کے بجائے مقامی لیجنڈز پر انحصار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کو بڑے بڑے نام دیے ہیں اور شعیب اختر اور شاہد آفریدی جیسے لیجنڈز ان کے لیے بڑے بھائیوں کی مانند ہیں، جن سے ان کے قریبی تعلقات ہیں۔
مجید چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ملک میں کرکٹ کی بحالی اور معیشت کی نمائندگی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہی لیگ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ بن چکی ہے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




