اسلام آباد: ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے کہا ہے کہ پنجاب میں جمہوریت کا لیکچر دینے والی پیپلز پارٹی سندھ میں ڈکٹیٹر بنی ہوئی ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے زاہد ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھیوں اور مہاجروں کو لڑا کر نئے صوبوں کے پراجیکٹ کو ناکام بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ زاہد ملک نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی کے لیڈر سندھ میں خون خرابے کا ماحول پیدا کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کے ہوتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی 70 والی سوچ کو دوہرانے کی مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں نئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں مخالفت پیپلز پارٹی کی پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش کا کھلا ثبوت ہے، پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو بلدیہ فیکٹری بنا دیا ہے، سندھ میں کرپشن اور عوام کی بدحالی کی جڑ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ زاہد ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے خلاف دیہاڑی پر بلائے لوگوں سے مظاہرے کراتی ہے، 'مزدور مظاہرین' کو پیسے بھی ادا نہیں کرتی۔