کراچی واٹر کارپوریشن نےپانی اور سیوریج کے نرخوں میں 7 فیصد اضافہ کردیا۔ سندھ حکومت نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پانی اور سیوریج چارجز کے نظرثانی شدہ ٹیرف کی منظوری دیتے ہوئے اس کا باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2026- 27کیلئے پانی اور سیوریج کے نرخوں میں اوسط کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی)کی بنیاد پر 7.05فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے بورڈ نے مالی سال 2026-27کے لیے ریٹیل اور بلک صارفین کے پانی اور سیوریج چارجز میں 7.05 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی جسے سندھ حکومت کی جانب سے باضابطہ گزٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ نظرثانی شدہ ٹیرف کے تحت رہائشی پلاٹس کے لیے پانی اور سیوریج کے ماہانہ چارجز پلاٹ رقبے کے حساب سے مقرر کیے گئے ہیں، نئے ٹیرف میں مختلف نوعیت کے کاروباری مراکز اور دکانوں کے لیے فکسڈ ماہانہ پانی اور سیوریج چارجز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹیرف کا مقصد ادارے کے ریونیو بیس کو مضبوط بنانا اور شہر میں پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی دیکھ بھال، مرمت و بحالی اور دیگر شہری خدمات کی پائیدار فراہمی کے لیے مالی وسائل کو بہتر بنانا ہے۔ واٹر بورڈ ایکٹ میں ہر سال واٹر کارپوریشن کو نرخوں میں 7فیصد اضافے کی اجازت ہے اور تقریباً ہر سال یہ اضافہ ہو تا ہے۔