ٹیلی کام بل سے ذاتی زمین اور جائیداد

2026-07-06
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ اتفاق رائے کے ساتھ قانون سازی کی جا رہی ہے، ٹیلی کام بل سے کسی کی ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ٹیلی کام بل پر عوام اور پارلیمان کو آگاہ کرنا انتہائی ضروری تھا، ٹیلی کام کا پرانا قانون موجودہ دور کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتا تھا، بل کا مقصد وزیراعظم کے وژن کے مطابق انٹرنیٹ کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور آئی ٹی منسٹر میری یہ ذمہ داری ہے کہ تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے، آئی ٹی بل 6 مہینے تک قومی اسمبلی میں پڑا رہا ، بل کو سینیٹ سے کمیٹی میں بھیج کر روکا گیا جو کہ جمہوریت کا حسن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے بل 6 ترامیم کے ساتھ منظور ہوا، بل بنیادی طور پر ان ہاؤسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے تھا جو معاہدے کر کے پھر جاتی ہیں،شہری انٹرنیٹ کیلئے اپنی ذاتی پراپرٹی نہیں دینا چاہتا تو یہ اسکا قانونی حق ہے۔ شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ بل کو لے کر میرے اور سیکرٹری آئی ٹی کے خلاف بلاوجہ میڈیا میں واویلا مچایا گیا، وزیراعظم سے کہا کہ بل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کی انکوائری کرائی جائے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم اپنے خلاف لگائے گئے مالی الزامات پر قانونی کارروائی کا پورا حق رکھتے ہیں، نجی پراپرٹیز سے متعلق کیٹگریز طے کی جائیں گی، نئے ٹیلی کام بل کا مقصد ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہے ۔
کراچی: سہراب گوٹھ میں کار پر فائرنگ سے نجی نیوز ویب سائٹ کا پروڈیوسر جاں بحق
2026-08-25
کراچی: سہراب گوٹھ کے علاقے میں فائرنگ سے نجی نیوز ویب سائٹ کا پروڈیوسر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ایوب گوٹھ سادات دسترخوان کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شخص گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والے کارڈ کے ذریعے عمران گوگن کے نام سے کی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول کا تعلق ایک نجی نیوز ویب سائٹ سے بتایا جا رہا ہے۔ تحقیقات کے مطابق متاثرہ شخص سہراب گوٹھ سے ایوب گوٹھ کے راستے نیو کراچی کی جانب جا رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بہادر آباد کا رہائشی اور سائٹ ایریا میں کیمیکل کی فیکٹری میں کپڑوں پر رنگ کرنے کا کام کرتا تھا، مقتول نے دو شادیاں بھی کی ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق صارم برنی نے کوئی نیا شیلٹر ہوم کھولا ہے جس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی مقتول کی تھی اور امکان ہے مقتول وہیں جا رہا تھا۔
میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن کیخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کا تحریری حکمنامہ جاری
2026-08-25
کراچی: میر رضا جوڈیشل کمیشن کے خلاف اور جے آئی ٹی تشکیل دینے سے متعلق درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کیلئے طلب کرلیا، کیس کی مزید سماعت 31 اگست کو ہوگی۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے استفسار کیا ہے کہ کیا جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے عدالت براہ راست ہدایت جاری کرسکتی ہے؟۔ کیا عدالت تفتیش اور رپورٹ جمع کرانے کے عمل کو تبدیل یا اس کی نگرانی کرسکتی ہے؟ سندھ ٹریبیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت گزٹ نوٹیفکیشن کے بغیر مداخلت کا کیس بنتا ہے؟۔ میر رضا کی فیملی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ میر رضا کی گمشدگی اور ہلاکت کا مقدمہ تھانہ فیروز آباد میں درج ہے، جائے وقوعہ بروقت محفوظ نہ ہونے سے تفتیش متاثر ہوئی، گواہوں کے بیانات بروقت قلمبند نہیں کیے گئے، الیکٹرانک ڈیوائسز کی مناسب جانچ اور معائنہ نہیں کیا گیا، مبینہ طور پر وقت سے پہلے خودکشی کا بیانیہ اپنایا اور پھیلایا گیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ میڈیکو لیگل ریکارڈ میں نمایاں تبدیلی آئی، پولیس سرجن نے ابتدائی پوسٹ مارٹم میں نقائص کی نشاندہی کی، پولیس سرجن نے قبر کشائی کی سفارش کی تھی، اسپیشل میڈیکل بورڈ نے قبر کشائی کے بعد لاش کا معائنہ کیا، میڈیکل بورڈ کے نتائج خودکشی کے پہلے بیانیے کے منافی تھے۔حتمی پوسٹ مارٹم اور کیمیائی معائنے کی رپورٹ نے خودکشی کے امکان کو مسترد کردیا۔ درخواست کے مطابق سابق تفتیشی ٹیم کے ارکان کے طرز عمل پر سنگین الزامات سامنے آئے، شواہد کی غلط دیکھ بھال یا ضائع ہونے کے الزامات بھی سامنے آئے، درخواستگزاروں کے بیانات بھی کافی تاخیر سے قلمبند کیے گئے، موجودہ تفتیشی ٹیم اب تک کسی ملزم کی نشاندہی نہیں کرسکی، 24 اگست کو چالان جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاملے کی آزادانہ اور جامع تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، جے آئی ٹی میں ایسے افسران شامل کیے جائیں جن کا کیس سے پہلے کوئی تعلق نہ ہو۔ عدالت نے کہا کہ یہ عدالت اس معاملے میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے سکتی ہے یا نہیں یہ دیکھا جائے گا، کیا یہ عدالت تفتیش کے حوالے سے کیئے گئے احکامات دے سکتی ہے اس پر بھی غور کیا جائے گا۔
خواتین کو نجی ڈیٹا اور قابل اعتراض جعلی تصاویر سے بلیک میل کرنے والا گرفتار
2026-08-24
خواتین کو نجی ڈیٹا اور قابل اعتراض جعلی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایات پر رحیم یار خان سے سائبر بلیک میلر محمد سلمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم پر بیرون ملک ملازمت کے دوران خواتین کے نجی ڈیٹا اور تصاویر تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کا الزام ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم پاکستان واپسی پر غیر ملکی خواتین کی جعل سازی سے بنائی گئی قابل اعتراض تصاویر کے ذریعے رقم کا مطالبہ کرتا تھا اور رقم نہ دینے پر تصاویر اور ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔ ملزم خواتین کو ان کی تصاویر اور ذاتی معلومات اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔ این سی سی آئی اے لاہور نے ملزم سے برآمد شدہ موبائل فون سے نجی و قابل اعتراض مواد تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک جائزہ جاری ہے تاکہ دیگر متاثرہ خواتین سے متعلق مزید شواہد سامنے لائے جاسکیں۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے خواتین کو سائبر بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کراچی پولیس میں افسران کی ذاتی تشہیر پر پابندی، تصویری مواد ہٹانے کا حکم
2026-08-24
کراچی: کراچی پولیس نے افسران کی ذاتی تشہیر اور شخصی تشخص نمایاں کرنے والے تشہیری مواد کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی جانب سے 24 اگست 2026 کو جاری سرکلر میں تمام پولیس یونٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سرکلر کے مطابق سرکاری تشہیر میں کسی فرد کے بجائے کراچی پولیس کے ادارہ جاتی تشخص، عوامی خدمت اور کارکردگی کو اجاگر کیا جائے گا۔ کسی بھی پولیس افسر کی تصویر یا پورٹریٹ بینرز، بل بورڈز، ہورڈنگز، پوسٹرز، اسٹینڈیز، بیک ڈراپس اور دیگر تشہیری مواد پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ یہ پابندی پولیس گاڑیوں، پولیس عمارتوں کے باہر اور دیگر عوامی مقامات پر موجود تشہیری مواد کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لاگو ہوگی۔ سرکاری تشہیر کا مقصد کسی افسر کی ذاتی تشہیر نہیں ہوگا۔ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری تشہیر میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات، اہم اقدامات، کامیابیوں اور عوامی آگاہی کے پیغامات کو نمایاں کیا جائے، تاہم پولیس شہدا کی تصاویر سرکاری یادگاری تقریبات، خراجِ عقیدت، میموریلز اور دیگر مجاز مواقع پر احترام اور وقار کے ساتھ استعمال کی جاسکیں گی۔ تمام متعلقہ افسران کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق بنیادی مقصد کسی فرد کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ ادارے کی خدمت، کارکردگی اور عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ حادثات میں لوگ زخمیوں کی مدد سے اس خوف کے باعث گریز کرتے ہیں کہ پولیس انہیں نہ پکڑ لے۔ پولیس اور عوام میں آگاہی پیدا کرکے حادثات میں زخمیوں کی مدد کرنے کا خوف دور کرنا ہے۔ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے سروسز اسپتال کے حوالے سے کہا کہ سروسز اسپتال بند نہیں ہورہا بلکہ اسے کے ایم سی اسپتال میں شفٹ کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ سروسز اسپتال میں جو ڈاکٹرز ہوتے ہیں وہ کام نہیں کرنا چاہتے۔ وہ وہاں بیٹھنا چاہتے ہیں جہاں او پی ڈی چل رہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو 3 کمروں سے زیادہ کیا ضرورت ہے۔
2026-08-24
کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس عمر سیال کو جوڈیشل کمیشن کا سربراہ نامزد کردیا، کمیشن کی تشکیل سندھ ٹریبونل آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت کی گئی، سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز بھی طے کیے ہیں۔ دوسری جانب میر رضا کی فیملی نے سندھ حکومت کی جانب سے بنائے جوڈیشل کمیشن کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست کی سماعت جسٹس عدنان کریم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی جہاں درخواستگزار کے وکیل جبران ناصر نے چیمبر میں درخواست سے متعلق دلائل دیے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں جبران ناصر کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اہلخانہ کو کاپی تک نہیں دی گئی، ہمیں میڈیا کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کی اطلاع ملی۔ واضح رہے کہ میر رضا علی کی فیملی نے سندھ حکومت کی جانب سے کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اپنے تحفظات اورعدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ دریں اثنا آج (پیر کو) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پولیس کو رپورٹ جمع کرانے کیلئے 7 ستمبر تک مہلت دے دی۔ تفتیشی افسر سراج لاشاری اور میر رضا کی فیملی کے وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کروانے کے لیے عدالت میں مزید مہلت کی درخواست دائر کردی جو عدالت نے منظور کرلی۔ مدعی کے وکیل ایڈووکیٹ دانیال حسین نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر بتائیں اب تک کیا پروگریس کی ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ موبائل فون ودیگر اشیاء کی فرانزک رپورٹ آنا باقی ہے۔
پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن؛ فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک
2026-08-20
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑی دہشتگردی کی کارروائی انجام دینے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کے استعمال سے دہشتگردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، جس میں 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، آئی ای ڈی ڈیوائس سمیت کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد ہوا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بیٹی کے قاتل کو لاک اپ میں ہنستے دیکھا، ایزل کی والدہ کا دل دہلا دینے والا بیان
2026-08-20
کراچی میں ڈیڑھ سالہ ایزل کی ریادتی کے معاملے میں بچی کی والدہ کا دردناک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ملزم کو لاک اپ میں دیکھنے کا تجربہ بیان کیا ہے۔ ایزل کی والدہ نے حالیہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ جب وہ اپنی بیٹی کے قتل کے الزام میں گرفتار 17 سالہ ملزم کو دیکھنے لاک اپ گئیں تو وہ وہاں ہنس رہا تھا۔ اپنی بیٹی کے مبینہ قاتل کو اس طرح بے فکری سے دیکھنا ان کیلئے انتہائی تکلیف دہ تھا۔ والدہ کے مطابق ملزم نے بتایا کہ ایزل کے والد نے اسے صرف ایک مرتبہ مارا تھا اور وہ بھی تب جب وہ قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ہنس رہا تھا۔ اس افسوسناک واقعے پر کئی مشہور شخصیات نے بھی آواز اٹھائی ہے۔
بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت
2026-08-20
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کلی سوران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد موٹر سائیکلوں پرسوار ہوکر دہشتگردی کی کارروائی کرنے جارہے تھے جس میں جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سےدہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا، دہشتگردوں سے 3 گاڑیاں،2 موٹرسائیکل، آئی ای ڈی ڈیوائس،کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد لوٹ مار، اغوا، ٹارگٹ کلنگ، خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
کراچی: کئی دنوں سے لاپتہ ماں اور 2 ماہ کی بچی کو پولیس نے ڈھونڈ لیا
2026-08-17
انویسٹی گیشن پولیس اتحاد ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ماہ کی بچی سمیت لاپتہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق خاتون ملائکہ عمیمہ اپنی 2 ماہ کی بچی کے ہمراہ 21 جولائی کو اتحاد ٹاؤن کے علاقے سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔ خاتون اور بچی کے لاپتہ ہونے کے بعد تھانہ اتحاد ٹاؤن میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد انویسٹی گیشن پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔ پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ماں اور بیٹی کا سراغ لگایا اور دونوں کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون نے بیان دیا کہ وہ گھریلو جھگڑوں سے ناراض ہو کر گھر چھوڑ گئی تھیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان کی پہلی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی متعارف کرا دی
2026-08-17
خیبرپختونخوا حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی پہلی ذیلی قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی باضابطہ طور پر متعارف کرا دی۔ پالیسی کا اجرا وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔ پالیسی جرمن حکومت کے تعاون سے تیار کی گئی ہے جس کا مقصد صوبے کو قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بہتر طور پر نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ تقریب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے خطاب کیا انہوں نے اس دوران کہا کہ ’’صوبہ اب آفات پیش آنے کے بعد صرف امداد، ریسکیو اور بحالی پر توجہ دینے کے بجائے پیشگی تیاری، بروقت وارننگ اور خطرات میں کمی کی حکمت عملی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر استعمال ہونے والی تکنیکوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں قدرتی خطرات کو ابتدا ہی سے مدنظر رکھا جائے گا۔‘‘ شفیع جان نے کہا کہ ’’تیزی سے بڑھتی آبادی اور غیر منصوبہ بند تعمیرات قدرتی آفات سے لاحق خطرات میں اضافہ کر رہی ہیں، اس لیے نئی پالیسی کے ذریعے صوبے کو زیادہ محفوظ اور آفات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفارتخانے کی ہیڈ آف کوآپریشن ڈاکٹر میریم نے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’نئی پالیسی مختلف اداروں کو ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک فراہم کرے گی۔ پالیسی کی اصل کامیابی اس کے مؤثر نفاذ پر منحصر ہو گی، جبکہ جرمنی اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔‘‘۔
