کراچی جیسے بلدیاتی الیکشن

مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بلدیاتی نظام سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جس اسٹائل پر بلدیاتی انتخابات ہوئے اس سے بہتر ہے کہ انتخابات نہ ہی کروائے جائیں۔
اپنے ایک بیان میں سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بلدیاتی انتخبات کروانے کے مطالبے پر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ ٹھیک ہے، لاہور اور اسلام آباد میں بلدیاتی نظام لایا جائے لیکن کراچی جیسا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے پچھلے بلدیاتی انتخابات کے اسٹائل پر الیکشن کروانے سے انتخابات نہ کروانا بہتر ہوگا، لاہور پر کراچی جیسا بلدیاتی نظام نافذ نہ کیا جائے، کسی کو مزید تفصیل چاہیے تو جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان یا ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کرلے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جہاں حکومت ہے وہاں بلدیاتی حکومتیں موجود ہیں، مسلم لیگ ن کو بلدیاتی الیکشن سے خوف ہے، کراچی میں جو بلدیاتی نظام ہے وہ ذرا لاہور میں بھی لائیں، آپ آئین کی بات کرتے ہیں، ترامیم کرتے ہیں مگر اسلام آباد میں بھی بلدیاتی نظام نہیں، آپ اسلام آباد کا بلدیاتی نظام ایسالائیں تاکہ ہمیں رشک ہو کہ اسلام آباد کا میئر زیادہ با اختیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، گلگت بلتستان میں حکومت بن چکی ہے، 90 روز میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




