ایم کیوایم بجٹ پر ووٹ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد آج وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کرے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے وفد میں ایم کیوایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور امین الحق کے شامل ہونے کاامکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے شرائط پیش کی جائیں گی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما نے بتایا کہ پارٹی نےفیصلہ کیا ہے کہ وہ کراچی پیکج، گورنرشپ کی بحالی اور آئین کے آرٹیکل 140 اے میں ترمیم کیلئے واضح اور بامعنی ٹائم ٹیبل کا مطالبہ کرے گی، انہی تینوں امور پر ٹھوس یقین دہانیوں کی صورت میں حکومت کا ساتھ دے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف پیر کی شب سوئٹزرلینڈ سے وطن واپس پہنچے ہیں جب کہ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم کا وفد اسی تناظر میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ سے پہلے ہی ایک میٹنگ کرچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزیرقانون پر واضح کیا تھا کہ اگر آئینی عہدہ واپس نہیں دیا جاتا تو پھر ایم کیوایم کو وزارت سے بھی سروکار نہیں جس پر وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ معاملات وزیراعظم ہی حل کرسکتےہیں۔
قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پاس 22 ایم این اے اور سینیٹ میں 3 اراکین ہیں۔
پارٹی قیادت کی آج منتخب اراکین اسمبلی سے اسلام آباد میں ملاقات بھی طے ہے تاکہ تمام ایم این ایز کو معاملے پر اعتماد میں لیا جائے۔
ایم کیوایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہونے کےسبب یہ بات خارج از امکان قرار دی جارہی ہے کہ ایم کیوایم اپنے مطالبات فوری طور پر پورا نہ ہونے کی صورت میں بجٹ میں حکومت کا ساتھ نہ دے تاہم ٹھوس یقین دہانیوں کی صورت میں (ن) لیگ سے معاملہ طے کرلیا جائے گا۔
SNN سچل نیوز نیٹ ورک




