میر رضا کیس میں پولیس کی مزید خامیاں سامنے آگئیں    space    ایرانی دھمکیاں: ٹرمپ ترکیہ سے خفیہ طور پر کیسے نکلے؟ امریکی اخبار نے پردہ اٹھادیا    space    ویسٹ انڈیز ٹیم براہ راست ورلڈکپ 2027 میں نہ پہنچ سکی، کوالیفائر کھیلنا لازم    space    مذاکرات جاری ہیں، ایران کو تباہ کن کارروائی سے پہلے آخری موقع دینا چاہتا ہوں، صدر ٹرمپ    space    میرے بچے تصویروں پر فلٹر لگانے پر مجھ سے لڑتے ہیں: جویریہ سعود    space    ساتھی اداکارہ نے دیپیکا ککڑ کے شادی سے قبل اسلام قبول کرنے کی وجہ بتا دی    space    ملک میں سونا مزید مہنگا    space   

بھارت امن دشمن ہے، جموں و کشمیر نہ اُس کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی داخلی معاملہ، پاکستان


2026-07-24

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو مؤثر جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت خود امن دشمن ہے، جموں و کشمیر نہ اُس کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی داخلی معاملہ۔ قرارداد 2788 کے تناظر میں تنازعات کے پرامن حل پر مباحثے کے دوران پاکستان مشن کی قونصلر صائمہ سلیم نے حق جواب میں کہا کہ ایک وفد نے تنازعات کے پُرامن حل پر ہونے والی بحث کو حقائق مسخ کرنے، انکار اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا امن کا درس دینا مضحکہ خیز ہے، جو خود بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی، ہمسایوں کے خلاف جارحیت اور خطے میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا مرتکب ہے۔ پاکستانی مندوب برائے اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر نہ بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ ہے اور نہ داخلی معاملہ؛ بھارت کا انکار اس تنازع کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ بھارت خود جموں و کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں لے کر آیا تھا، مگر آج اسی کونسل کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔ قراردادوں کی کوئی میعاد ختم نہیں ہوتی۔ قونصلر صائمہ سلیم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے حالات میں واضح فرق ہے۔ ایک طرف سیاسی آزادی ہے، دوسری طرف جبر، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کا استعمال اور حقوق سے محرومی ایک جیسی چیزیں نہیں ہو سکتیں۔ کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا بھارتی فیصلہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور سے بے اعتنائی کا مظہر ہے۔ پاکستانی مندوب نے حق جواب میں کہا کہ دریائے سندھ کا پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی کا ذریعہ ہے، جنگ کا ہتھیار نہیں۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے؛ ہزاروں بے گناہ شہریوں کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد حقیقی ہے۔ قونصلر صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت سے منسلک دہشت گردی کے نیٹ ورک علاقائی حدود سے نکل کر عالمی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کیس اس کا ایک واضح ثبوت ہے۔ بھارت میں ہندوتوا پر مبنی انتہا پسند نظریات نے اسلاموفوبیا کو ریاستی پالیسی کا رنگ دے دیا ہے، جبکہ اقلیتیں امتیازی سلوک اور جبر کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اشتعال انگیزی اور جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا اور تنازعات کے پُرامن حل کو ترجیح دی۔ جنوبی ایشیا میں امن کا راستہ انکار یا ہٹ دھرمی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری سے ہو کر گزرتا ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ قرارداد 2788 پر اس کی روح اور متن کے مطابق عمل کرے، اپنے معاہداتی وعدے پورے کرے اور جموں و کشمیر تنازع کے پُرامن حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرے۔

پاکستان کی عالمی مارکیٹ سے قرض لینے کی تیاری؛ وزیر خزانہ نے منصوبہ بتادیا

2026-08-25

اسلام آباد: پاکستان عالمی مارکیٹ سے قرض لینے کی تیاری کررہا ہے، جس کے لیے وزیر خزانہ نے منصوبے کی تفصیلات بتائی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دوطرفہ قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لیے عالمی مارکیٹ سے قرض لینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ امریکا سے 10 ارب ڈالر کی سوئپ لائن نجی سرمایہ کاروں کے لیے اعتماد کا اشارہ ہے۔ واشنگٹن سے 10 ارب ڈالر کی سوئپ لائن پر تعمیری پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان کو آئندہ چند ماہ میں اس پر جواب ملنے کی امید ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک اور ڈی ایف سی کا پاکستان میں اہم کردار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی طرف منتقل کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان رواں مالی سال ایک سے 2 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرنے پر غور کررہا ہے۔ پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں یورو بانڈز اور سکوک جاری کرنے کے لیے بینکوں کے کنسورشیم مقرر کردیے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان 75 کروڑ ڈالر کے چینی یوان بانڈز یعنی پانڈا بانڈز کے اجرا کی بھی تیاری کررہا ہے۔ پاکستان کی برآمدات بڑھانا اور درآمدات پر انحصار کم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ جون تک ایک سال میں بڑھ کر 39.5 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ چین پاکستان کے 129.7 ارب ڈالر کے مجموعی غیر ملکی قرض میں 23 فیصد کا بڑا قرض خواہ ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان فی الحال چین سے مزید فنانسنگ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ ایس اینڈ پی نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا کر بی کردی ہے، جبکہ پاکستان آئندہ 12 ماہ میں بی پلس ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا ہدف پاکستان کی ریٹنگ کو ڈبل بی تک لے جانا ہے۔

فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کے درمیان انتہائی مثبت ملاقات ہوئی، وزیر داخلہ

2026-08-25

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کے درمیان انتہائی مثبت ملاقات ہوئی ہے۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت اور ایرانی صدر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا تنازع سمیت مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ دونوں جانب سے ایران امریکا تنازع کے حل، آئندہ کے لائحہ عمل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر اہم مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس حوالے سے امید ظاہر کی گئی کہ اسلام آباد ایم او یو کی بحالی تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے ملاقات کے دوران اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جس پر مثبت اور تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر پیش رفت بھی سامنے آئی، جبکہ باہمی رابطوں اور مشاورت کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ، جس سے خطے میں پائیدار امن کے لیے امید پیدا ہوئی ہے۔ ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے خطے کے موجودہ حالات میں سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل اور امن کے فروغ کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر بھی توجہ دی۔

زخمیوں کی فوری طبی امداد؛ نجی اسپتال کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی

2026-08-24

کراچی: سندھ میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی سے متعلق قانون کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سندھ انجرڈ پرسنز کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ ایکٹ سے متعلق آگاہی مہم سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور راہِ عمل ٹرسٹ کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی اسپتال میں علاج مہنگا ہونے کی صورت میں حکومت اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ گن شاٹ یا جلنے کے زخمی مریض کو نجی اسپتال پہنچنے پر فوری طبی امداد دی جائے۔ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ نجی اسپتال میں علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے مریض کو طبی امداد دینے کے بعد سرکاری اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل ایکٹ اور قانون سے پولیس کو بھی آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ حادثات میں لوگ زخمیوں کی مدد سے اس خوف کے باعث گریز کرتے ہیں کہ پولیس انہیں نہ پکڑ لے۔ پولیس اور عوام میں آگاہی پیدا کرکے حادثات میں زخمیوں کی مدد کرنے کا خوف دور کرنا ہے۔ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے سروسز اسپتال کے حوالے سے کہا کہ سروسز اسپتال بند نہیں ہورہا بلکہ اسے کے ایم سی اسپتال میں شفٹ کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ سروسز اسپتال میں جو ڈاکٹرز ہوتے ہیں وہ کام نہیں کرنا چاہتے۔ وہ وہاں بیٹھنا چاہتے ہیں جہاں او پی ڈی چل رہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو 3 کمروں سے زیادہ کیا ضرورت ہے۔

عمران خان کا نجی اسپتال سے علاج کے احکامات کے بعد عام قیدیوں کا بھی عدالت سے رجوع

2026-08-24

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کا نجی اسپتال سے علاج کے احکامات کے بعد عام قیدیوں نے بھی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں نے نجی اسپتالوں سے علاج اور اہل خانہ سے بات کروانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ حکام کو نوٹس کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل سے پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے۔ جسٹس محمد آصف نے قیدیوں الیاس خان، محمد اسماعیل خان اور اویس الطاف کی درخواستوں پر سماعت کی۔ بیرسٹر اختر چھینہ نے دلائل دیے کہ درخواست گزار ہیموفیلیا بیماری کا شکار ہے اور انٹرنل بلیڈنگ ہے، دو ماہ میں 10 مرتبہ اسپتال لایا گیا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا، اس مسلہ کا علاج ابھی تک پاکستان میں صرف شفاء اسپتال میں ہی ممکن ہے۔ بیرسٹر اختر چھینہ نے دلائل دیے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اگر بیماری کا علاج سرکاری اسپتال میں نہیں تو قیدی کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے، سپریم کورٹ فیصلے نے واضع کر دیا کہ علاج کے اخراجات اہل خانہ برداشت کر سکتے ہیں، سپریم کورٹ فیصلے پر انحصار کرتے ہوئے استدعا ہے کہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، اگر لیور ٹرانسپلانٹ سرکاری اسپتال میں میسر نہ ہو تو کیا اس قیدی کو پرائیویٹ اسپتال میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ درخواست گزار اویس الطاف کے وکیل سید جعفر نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہو کر دلائل دیے کہ درخواست گزار اویس الطاف کو بخار اور دل کا مرض ہے، مناسب علاج معالجہ کروانا قیدی کا بنیادی حق ہے، سرکاری اسپتال میں علاج ممکن نہیں لہٰذا شفاء اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ تیسرے قیدی کے وکیل نے دلائل دیے کہ درخواست گزار محمد اسماعیل 9 سال سے اڈیالہ جیل میں قید ہے، ایک بھائی دبئی ہوتا ہے لیکن سالوں سے رابطہ نہیں ہے، جیل حکام کو حکم دیا جائے کہ واٹس ایپ کال کے ذریعے بھائی سے بات کروائی جائے۔ عدالت نے تینوں کیسز میں جیل حکام کو جواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔

پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلر سے روابط کا انکشاف، اہم شواہد سامنے آگئے

2026-08-24

لاہور: پولیس اہل کاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے تفتیش میں اہم شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور ٹارگٹ کلرز سے روابط کے الزام کی تحقیقات کے دوران زیر حراست 2 پولیس اہلکاروں سے تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اہلکار اسٹریٹ کرائم میں مرکزی ٹارگٹ کلر ریحان کی پشت پناہی کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلر ریحان میٹرو بس میں موبائل چوری اور اسنیچنگ کی وارداتیں کرتا تھا۔ زیر حراست پولیس اہلکار اپنے یونٹس میں موجود اثر و رسوخ اور تعلقات استعمال کرکے ریحان کی مدد کرتے رہے۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ پولیس اہلکار ٹارگٹ کلر ریحان کی ضمانت پر رہائی اور اس کا ریکارڈ ختم کروانے میں مدد کرتے تھے۔ زیر حراست ایک اے ایس آئی کریمنل ریکارڈ برانچ میں جبکہ کانسٹیبل لوئر مال انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست دونوں اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان کے موبائل فونز کا فرانزک بھی جاری ہے۔

عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی؛ خواجہ آصف کا سخت مؤقف سامنے آ گیا

2026-08-20

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے دیگر قیدیوں انہوں نے زور دیا کہ انصاف کے تقاضے سب کے لیے برابر ہونے چاہییں، کسی ایک فرد کو خصوصی سہولت نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ سرکاری اسپتالوں میں ہی علاج کروایا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نواز شریف کے آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کے ایک حامی ڈاکٹر کو موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے میں حکومت کا مؤقف شامل کرنے کی قانونی گنجائش ہوئی تو حکومت اسے ہر صورت رجسٹرڈ کروائے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی دورِ حکومت کے تلخ رویوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کے ساتھ جو زبان استعمال کی گئی وہ سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کر دی

2026-08-20

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی پیش کرتے ہیں۔ وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی اور کابینہ کے اجلاسوں میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، اپوزیشن معاملات کو بات چیت سے حل کرے تاکہ ملکی معاشی ترقی اور جمہوریت کو تقویت دے سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب تک مذاکرات کی میز پر آتے ہیں، ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ہی ترجیح دی۔ پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے اور اس کے لیے وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں کتوتی کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی خوش آئند ہے، حکومت عام آدمی اور عوام کو ہر طرح کا ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تونائی درآمد کرنے والا ملک ہے اور عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹ بند ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چار کمپنیوں کے ایریل ورک لائسنس منسوخ کردیے

2026-08-17

کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے چار ایوی ایشن کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے ایریل ورک لائسنس منسوخ کر دیے ہیں۔ سی اے اے حکام کے مطابق ایئربورن ایوی ایشن، عسکری ایوی ایشن، پاکستان ایوی ایٹرز اور ہائبرڈ ایوی ایشن کمپنی کے ایریل ورک لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنیوں کے لائسنس نیشنل ایوی ایشن پالیسی کی پاسداری نہ کرنے پر منسوخ کیے گئے۔ سی اے اے نے اس اقدام کی باضابطہ تصدیق بھی کر دی ہے۔ سی اے اے کے مطابق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا مقصد ایوی ایشن سیکٹر میں شفافیت اور حفاظتی معیارات کو یقینی بنانا ہے۔

نئے صوبے بنانا آئی ایس پی آر کا کام نہیں، یہ فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے، سعید غنی

2026-08-17

کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کام نہیں ہے کہ صوبے بنائے، یہ اسمبلیوں کا کام ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے عرصے کے بعد یکجہتی پیدا ہوئی ہے، کچھ اینکرز جاہلانہ باتیں کرتے ہیں، یہ جو بھی ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کر رہے ان کو سوچنا چاہئے۔ سندھ کے عوام کا ایک الگ رشتہ ہے یہ بات کسی کو سمجھ میں نہیں آ رہی۔ سعید غنی نے کہا کہ جو مرضی ہے کرلو سندھ میں صوبہ نہیں بنے گا، ہوش کے ناخن لیں سندھ میں لوگوں کو کیوں نفرتوں کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، صوبہ بنانے کے حوالے سے پنجاب اور کے پی کی صورتحال مختلف ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں صوبوں کے لیئے ایم کیو ایم اچھل رہی ہے، میں ایم کیو ایم کو جواب دوں گا، ایم کیو ایم کے تین چار لوگوں کی حیثیت کیا ہے، یہ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے۔ ان کو شرم آنی چاہئے نفرتیں پیدا کر رہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کے مطابق کراچی کو الگ نظام دیا تھا جس پر سندھ میں دہرے بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج ہوا۔ پورا سندھ پی پی کے خلاف احتجاج کر رہا تھا جس پر ایم پی ایز نے لیڈرشپ کو کہا کہ یہ نظام واپس لیں، پی پی نے مجبور ہوکر دہرا نظام واپس لیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تقسیم کی بات پر سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کو بیٹھنے نہیں دیں گے جبکہ دیگر جماعتیں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کہتی ہے کہ وہ عوام کے لیے احتجاج کرتے ہیں پھر اٹھارہ مقامات پر وہ شہر کی سڑکیں بند کرتے ہیں، عوام کو تکلیف دینے سے شہباز شریف پر کیا فرق پڑے گا۔ جماعت اسلامی کا مقصد لوگوں کو تکلیف دینا ہے، حافظ نعیم پڑھے لکھے ہیں عقل سے کام لیں۔

آزادکشمیر میں جو ماحول بنا سب کیلئے باعث پریشانی ہے، یہ اس لیے ہواکہ پچھلی حکومتوں نے اپنا فرض ادا نہیں کیا: نواز شریف

2026-08-16

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہےکہ آزاد کشمیر میں جو پہلی مرتبہ یہ ماحول بنا ہے ہم سب کے لیے باعث پریشانی ہے، یہ اس لیے ہوا ہےکہ پچھلی حکومتوں نے اپنا فرض ادا نہیں کیا، جس طرح پنجاب کو بدلا اسی طرح آزاد کشمیرکو بھی بدلیں گے۔ مری میں ن لیگ آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں ہے، اگر ہم نے آزاد کشمیر میں ڈیلیور نہ کیا تو لوگ ناراض ہوں گے، ماضی میں آزادکشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہ اتر سکی، آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے، آزادکشمیر کے عوام پنجاب کی طرف دیکھ رہے ہیں، آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں،کوشش کروں گا کہ جو وعدے کیے ہیں ان پر پورا اتروں، آزادکشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہوگی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں سڑکیں اوراسپتال بننے چاہئیں،لوگوں کو روزگارکے مواقع اور سیاحت کو فروغ ملنا چاہیے، پنجاب کی سڑکیں، اسپتال دیکھ کرلوگوں کا دل کرتا ہےکہ ایسا آزادکشمیر میں بھی ہو، آزادکشمیرکے طلبا کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ دیےجائیں، آزادکشمیر میں کسان کارڈ ملنا چاہیے۔ صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرکا الیکشن جیتنے والوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں، جو الیکشن نہیں جیت سکے ان کو بھی شاباش دیتا ہوں، آپ نے مخالفین کی مہم کا بھرپورمقابلہ کیا، کچھ شکایات ہم تک پہنچیں جس کا مجھے افسوس ہوا، ریاست میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی، امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملےگا، آزاد کشمیرمیں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم تھا، ہم نے ہمیشہ مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، آزادکشمیرکا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے، اس کےاندر اس طرح کے جراثیم داخل ہوجائیں تو اچھی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے کچھ ساتھیوں کےہارنے کا بہت دکھ ہوا ہے، ان عوامل کو دیکھنا چاہیے جس سے وہ شکست سے دوچار ہوئے، ہمارے اچھے امیدوار تھے، ان کو شکست ہوئی ہے تو ان کی شکست کی وجوہات کی طرف جانا چاہیے، آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے 2 مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے، امیر مقام ایسے انتخابی مہم چلا رہے تھے جیسے ان کا اپنا الیکشن ہو، ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا۔ سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم بہت جلد مسائل پر قابو پا لیں گے، ہم نے اہنے منشور پر 100 فیصد عمل کرنا ہے،آزادکشمیر پہاڑی علاقہ ہے یہاں ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں، جب میں وزیراعظم تھا تو ڈالر 100 روپے کا تھا، اس کے بعد ڈالرکہاں سے کہاں چلا گیا، ایک حکومت نے جو نعرے لگائے تھے وہ سارے کے سارے بیکارگئے،کسی نعرے پرعمل نہیں ہوا، تنقید میں نہیں جانا چاہتا لیکن پاکستان کا حال جو نعرے لگانے والی حکومت میں ہوا ایسا حال پاکستان کا کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نےکہا کہ ابھی شہباز شریف تمام معاملات کو ٹھیک کر رہے ہیں، جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، آج حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اورکوشش کر رہےہیں کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پرکھڑا کیا جائے، کوشش کر رہےہیں کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور پاکستان اقتصادی طورپرخودمختار ملک بن جائے۔