بھارت نے دوبارہ للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنادیں گے: خواجہ آصف    space    خیبر پختونخواکے مسائل پر پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک پیج پر، وفاق سے صوبےکے حقوق ادا کرنےکا مطالبہ کردیا    space    دنیا امریکا اور اسرائیل آئندہ ہفتے ایران پر حملےکی تیاری کر رہے ہیں: خبر ایجنسی    space    وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت    space    آئی ایم ایف کا پاکستان سے سیلز ٹیکس میں ہر قسم کی چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ    space    آئی ایم ایف کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 5500 روپے اضافےکا مطالبہ    space    رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ملکی آئی ٹی برآمدات 3 ارب 80 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئیں    space   

پنجاب میں سائبرکرائم یونٹ


2026-04-10

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سائبرکرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دیدی۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سائبر کرائم کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور اجلاس میں پنجاب سائبرکرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب سائبرکرائم یونٹ کے قیام کی منظوری کے بعد بلیک میلنگ اور ہراسمنٹ کا شکار بچوں کو شکایت کے لیے تھانے یا کسی دفتر میں نہیں جانا پڑے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ متاثرہ کم عمر بچے اور بچیوں کی شکایت کے اندراج کے لیے موبائل یونٹ جائے گا، متاثرہ بچے بالخصوص خواتین ورچوئل پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت درج کراسکیں گی جب کہ متاثرہ بچوں اور خواتین کی شناخت مکمل طورپرپوشیدہ رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کیلئے قانونی سازی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

حکومت کا عید سے قبل جدید

2026-05-14

حکومت نے عید سے قبل جدید سہولتوں سے آراستہ عوام ایکسپریس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جدید سہولتوں سے آراستہ عوام ایکسپریس کا عیدالاضحیٰ سے قبل افتتاح کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ریلوے ٹرین کا باقاعدہ افتتاح 24 مئی کو کریں گے، انہوں نے کہا کہ عید سے قبل عوام ایکسپریس کو مکمل اپ گریڈ کر کے مسافروں کے لئے پیش کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ ٹرین مسافروں کو تیز، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرے گی اور کم وقت میں پشاور سے کراچی پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنا ہمارا وژن ہے، ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں

2026-05-14

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت میں مبتلا ہوگئے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانی بندش نے عوام کا جینا مشکل کردیا۔ کہنے کو تو کراچی عروس البلاد ہے، لیکن اس کا شاید ہی کوئی کونا ایسا ہو جہاں بجلی کی آنکھ مچولی جاری نہ ہو۔ یہاں ہزاروں روپے کے بل بھرنے کے باوجود بجلی ہلال عید کی طرح مختصر مدت کے لیے جلوہ دکھاتی ہے۔ حال یہ ہے کہ مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔ کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ، سعید آباد اور گلشن اقبال سمیت درجنوں علاقے ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے، جبکہ لیاقت آباد سی ون ایریا، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ اور پاک کالونی سمیت کئی علاقوں کے مکین بھی اس کی مسلسل بندش سے گرمی میں کھول رہے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بجلی نہ ہوتو پانی کا بحران بونس کے طور پر ملتا ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کا مؤقف وہی گھسا پٹا ہے کہ بعض علاقوں میں تکنیکی مسائل اور لائن لاسز کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ان تسلیوں سے بہلنے والے نہیں ۔ متعلقہ حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیں اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ذوالحج 1447 ہجری کا چاند 17 مئی

2026-05-12

اسپارکو کا کہنا ہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان اسپارکو کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا چاند 17 مئی 2026 کی شام نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چاند 17 مئی 2026 کو رات 01:01 بجے پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ اسپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات موافق ہیں۔ فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 کو متوقع ہے جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اسلامی مہینے کے آغاز کے حوالے سے حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اعلان کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔

وائیڈ فولڈ ایبل فونز کی

2026-05-12

دنیا بھر میں اسمارٹ فون کمپنیاں اب وائیڈ فولڈ ایبل ڈیوائسز کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جہاں حالیہ Huawei Pura X Max کے بعد نئی ڈیوائسز کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق Samsung اس سال Galaxy Z Fold 8 اور Galaxy Z Flip 8 کے ساتھ ایک وائیڈ فولڈ ایبل متعارف کرا سکتا ہے، جبکہ Apple بھی اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون، ممکنہ طور پر “آئی فون الٹرا”، ستمبر میں پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ادھر Vivo کے بارے میں لیکس سامنے آئی ہیں کہ Vivo X Fold 6 میں اسکرین کریز (fold line) کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، جو صارفین کے لیے ایک اہم بہتری سمجھی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی مستقبل میں زیادہ چوڑے “بُک اسٹائل” فولڈ ایبل ڈیزائنز کی طرف جا سکتی ہے۔

سوات میں گاڑی گہری کھائی

2026-05-11

سوات میں گاڑی گہری کھائی میں گر گئی، حادثے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی ملم جبہ کے علاقے سیر تلیگرام سے گناجیر جارہی تھی کہ گناجیر کے قریب گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور 11افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل،جن کو سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک

2026-05-11

اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور ایبٹ آباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث کئی پر وازیں متاثر ہوگئیں، لاہور میں آندھی اور بارش سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ادھر مالاکنڈ،سوات،نوشہرہ ،شمالی وزیرستان سمیت کے پی کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ صوابی میں آسمانی بجلی گرنےکےباعث مختلف حادثات میں 6 افراد زخمی ہوگئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی معطل ہے، وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جب کہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ بالائی پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اورخطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مستونگ: کسٹم گودام میں لگی آگ

2026-05-11

مستونگ: لکپاس کے قریب کسٹم کے گودام میں لگی آگ پر 22 گھنٹوں بعد بھی قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ڈی سی مستونگ کے مطابق آگ گزشتہ روز صبح 10 بجے لگی تھی جس پر تاحال قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سے زائد فائر بریگیڈ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، گودام میں ایل پی جی سلینڈرز، ایندھن، کیمیکل، خشک میوے، کپڑے اور ٹائرز موجود تھے۔ ڈی سی مستونگ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد ایل پی جی باؤزر اور گیس سلینڈرز کے متعدد دھماکے ہوئے، آگ میں جھلس کر 35 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گودام میں آگ لگنے سے 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں تاہم آگ کی شدت کم ہونے پر رات کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔

آج سے 11 مئی کے دوران

2026-05-07

ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب، ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب ماہرین نے سخت گرمی میں شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔

امریکی تجاویز کا جائزہ لینے

2026-05-07

ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ پیغامات کے تبادلے کی تصدیق کردی۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نےکہا کہ ایران اور امریکا میں پاکستان کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا جنگ بندی کی امریکی تجاویز کے ساتھ ان پیغامات کے متن کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، ابھی ایران نے امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب نہیں دیا ہے، یہ جواب جلد پاکستان کے ذریعے امریکا کو بھجوا دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی تجاویز اب سُکڑ کر ایک صفحے تک محدود رہ گئی ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بقول 28 فروری کو شروع ہوئی جنگ جسے امریکا نے آپریشن ایپک فیوری کا نام دیا تھا، اب ختم ہوچکی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کل آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے شروع کیے گئے پراجیکٹ فریڈم کو روکنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ نےکہا تھاکہ انہوں نے یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر ملکوں کی جانب سے مذاکرات میں پیشرفت کے اشارے ملنے پر کیا۔

شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں

2026-05-07

شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں شامل نہیں ہوگا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق کسی بھی معاہدے کا پابند نہیں ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا ایٹمی ہتھیاروں کا حامل ملک ہے اور یہ پوزیشن دوسروں کے اصرار یا یک طرفہ خواہش پر تبدیل نہیں ہو سکتی۔ اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مستقل نمائندے کم سونگ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور بعض ممالک اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں جاری 11ویں این پی ٹی جائزہ کانفرنس میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا مسئلہ اٹھا کر “ماحول کو خراب” کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے بھی ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے یا این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے جبکہ ایران ان ملکوں میں شامل ہے جو این پی ٹی پر دستخط کر چکے ہیں۔